11 جولائی 2025 - 16:58
حماس کی کمان ملبے سے اٹھ چکی ہے، صہیونی تجزیہ کار

صہیونی تجزیہ کاروں نے غزہ کے میدانی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ "حماس نہ صرف جنگ کے ملبے سے تیزی سے اٹھ کھڑے ہوئی ہے، بلکہ اب منظم قیادت اور ماہرانہ جنگی حکمت عملی کے ساتھ صہیونی فوج کو میدان جنگ میں چیلنج کر رہی ہے"۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صہیونی میڈیا اور فوجی تجزیہ کاروں نے اپنے تازہ جائزوں میں "غزہ پٹی میں حماس کی کمانڈ ڈھانچے کی بحالی اور اس کی عملی صلاحیتوں میں نمایاں اضافے" کو تسلیم کیا ہے۔

صہیونی ویب سائٹ "نیتسان شابیرا" نے لکھا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں فلسطینی مجاہدین کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی کا انکشاف کیا ہے۔ اب وہ زیادہ بہادری اور بے خوفی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوجی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ "یہ مجاہدین محسوس کر چکے ہیں کہ جنگ شاید اپنے اختتام کے قریب ہے، چنانچہ وہ ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے جارحانہ کارروائیوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ فوج کو اس تبدیلی پر توجہ دینی چاہیے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے"۔

مشہور اسرائیلی فوجی تجزیہ کار "امیر بوحبوط" نے لکھا: "لگتا ہے کہ حماس نے غزہ پٹی میں اپنی کمانڈ کا ڈھانچہ دوبارہ تعمیر کر لیا ہے اور اب وہ اپنی کارروائیوں کو بڑی مہارت سے ہم آہنگ اور مربوط کر رہی ہے۔ جن گروپوں نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی فوج کے خلاف کئی کارروائیاں کی ہیں، وہ جنگی حکمت عملی کو بڑی مہارت سے چلا رہے ہیں"۔

عبرانی ویب گاہ "ساحۃ الأخبار" نے سابق صہیونی فوجی افسر کرنل گیرشون ہاکوہن (Colonel Gershon Hacohen) کے حوالے سے لکھا: "حماس کا تعمیر کردہ نظام دنیا میں عدیم المثال ہے۔ غزہ میں ہمارے فوجیوں کو گھیرے میں لینے والی سرنگوں کے ناقابل یقین نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ حماس ایک بار کامیابی سے اپنے آپ کو منظم کر چکی ہے"۔

حماس کی فوجی شاخ "کتائب شہید عزالدین القسام" نے بدھ کی صبح خان یونس کے مشرقی علاقے "عبسان الکبیرہ" میں صہیونی فوج کے اہلکاروں اور جنگی سازوسامان کے اجتماع پر حملہ کیا۔

القسام بریگیڈز کے بیان کے مطابق، فلسطینی مجاہدین نے "یاسین 105 راکٹوں" سے "ایک مرکاوا ٹینک، دو فوجی گاڑیاں اور دو بلڈوزروں کو تباہ کر دیا۔ اس کے بعد مجاہدین صہیونی فوجیوں کی طرف بڑھے اور ہلکے اسلحے سے ان کے ساتھ جھڑپ میں مصروف ہوئے۔ انہوں نے ایک فوجی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن میدانی حالات نے اجازت نہ دی، چنانچہ اسے ہلاک کر کے اس کا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ بعد میں انہوں نے صہیونی ہیلی کاپٹروں کو زخمیوں اور ہلاک شدگان کو منتقل کرتے دیکھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha