13 جولائی 2014 - 10:39
غزہ سے فائر کیے جانے والے راکٹوں نے ایک صہیونی فوجی کو واصل جہنم اور تین کو زخمی کردیا

منگل کے روز سے غزہ پر جاری صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں اسلامی مزاحمت کاروں کی جانب سے فائر کئے راکٹوں کے باعث کم سے کم ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

ابنا: اسرائیل کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو یہ فوجی اس وقت رکٹوں کا نشانہ بن گئے جب وہ شمالی غزہ میں گاڑی میں سوار تھے۔

ایسی صورت میں کہ جب صیہونی حکومت کے جنگی طیارے غزہ پر بھاری بمباری کر رہے ہیں، فلسطینی مزاحمت کاروں نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے کئی مقامات پر راکٹوں کی بارش کی ہے۔

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے ہفتے کی شب تل ابیب اور بیت یام پر 'J80' طرز کے چھ میزائل داغے۔

القسام نے دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کو ان میزائلوں کے داغے جانے کے مرحلے کو فضاء میں مانیٹر کرنے کی پیشگی اطلاع دے رکھی تھی۔

اس سے قبل غزہ سے اسی کلومیٹر دور القدس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ غزہ سے داغے جانے والے تین میزائلوں کے دھماکے تھے جو مغربی کنارے کے اس علاقے میں گرے جہاں غیر قانونی صیہونی بستیاں موجود ہیں، اس حملے میں سعیر الفلسطینہ گاوں کے ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

غزہ سے فائر کیے جانے والے رکٹوں سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں رعب وحشت پھیل گیا ہے اور خطرے کے سائرنوں کی آواز نے لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔

تین راکٹ بير شیوا پر لگے جس سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ سات افراد کو شدید صدمہ پہنچنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گيا ہے۔ 

.....

/169