اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الکوثر میں حسب روایت امسال بھی جامعہ ہذا کے فاضل طلاب کے اعزاز میں تقریب عمامہ پوشی کا انعقاد کیا گیا۔اس ایمان افروز تقریب کا آغاز قاری اکبر رجائی استاد وارث الانبیاء اسکول نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ حفاظ القرآن کے طلبا نے تواشیح پیش کی۔پروگرام کے اگلے مرحلے میں فاضلان جامعہ کے جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے جامعہ کے ہونہار فاضل جناب محمد صائم نے جامعۃ الکوثر میں گزارے ہوئے وقت کو اپنی زندگی کا نہایت شاندار و یادگار وقت اور محسن ملت کے سایہ شفقت و محبت کو اپنا کل اثاثہ حیات قرار دیا انہوں نے جامعہ کے اساتذہ کرام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کی محنتوں کا ثمر آج عمامہ کی صورت میں ان کے سر پر جلوہ گر ہے.
عمامہ پوشی کی اس پروقار تقریب سےخطاب فرماتے ہوئےعلامہ شیخ محمد شفاء نجفی قبلہ نے فاضلان جامعہ کو محسن ملت حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کی وصیت پر عمل پیرا ہونے اور آنجناب کی امیدوں پر پورا اترنے کی تلقین کی۔آپ کے خطاب مستطاب کے بعد عمامہ پوشی کے ایمان افروز مرحلے کا اغاز ہوا چنانچہ محسن ملت کی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے آنجناب کے عکس مبارک کے جلو میں علامه زاھد حسین زھدی قبلہ ،علامہ شیخ محمد شفاء نجفی قبلہ، علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی قبلہ، وکیل مرجعیت علامہ شیخ انورعلی نجفی قبلہ نے اپنے دست ہائے مبارک سے فاضلان کے سروں پر عمامے سجائے۔جس کے بعد وکیل مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی قبلہ نے اپنے اختتامی خطاب میں جامعۃ الکوثر کے طلاب کو حصول علم کے سیل رواں میں سب پر سبقت لے جانے اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اسلوب کار اپنانے کی تلقین کی اور یوں یہ یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
یادرہے کہ اس تقریب میں مولانا نقاش الحسنین اور ڈاکٹر کاظم کمیل نے نقابت کے فرائض بااحسن خوبی انجام دیئے جبکہ اس تقریب میں اساتذہ کرام جامعۃ الکوثر و اساتذہ کرام جامعۃ اہلبیت کے ہمراہ طلاب دینی اور طلاب کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ