بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا |
نئی دہلی، 20 جون:
آج دہلی کی تاریخی شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ پر رہبر انقلاب اسلامی، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکی دیے جانے اور ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ شیعہ جامع مسجد کے امام و آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر مولانا محمد علی محسن تقوی کی قیادت میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر مولانا محسن تقوی نے عالمی سامراجی قوتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ:
"امریکہ اور اسرائیل اس وقت دنیا کے امن و سلامتی کے سب سے بڑے دشمن بن چکے ہیں۔ ایران کا ایٹمی انرجی پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے، جس کا ایران نے ہمیشہ واضح اعلان کیا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو دنیا بھر کے انصاف پسند عوام عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور ان کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی آمیز زبان نہایت قابل مذمت ہے۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک اہل بیت کونسل کے سیکریٹری، مولانا سید جلال حیدر نقوی نے کہا:
"ہم ایران پر تھوپی گئی اس جنگ اور رہبر انقلاب کی شان میں گستاخی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ایرانی قوم ڈرنے یا پیچھے ہٹنے والی قوم نہیں ہے۔ ایران نے اپنے دفاعی اقدامات سے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ایک مضبوط و باوقار قوم ہے۔"
مولانا جلال نقوی نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈے سے باز آئیں اور سچ کو سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ:
"یہ وہی آیت اللہ خامنہ ای ہیں جنہوں نے دشمن کی دھمکیوں کے باوجود تہران کے کھلے میدان میں نمازِ جمعہ پڑھائی۔ ایسی دلیر قیادت کبھی فرار اختیار نہیں کرتی!"
اسی موقع پر حیدری ہال کے امام جماعت، مولانا شیخ محمد عسکری نے بھی امریکہ و اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ طاقتیں ایران کے خلاف جنگ میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لاکھوں محبانِ اہل بیتؑ ایران کی کامیابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
آل انڈیا شیعہ کونسل کے سیکریٹری، مولانا مرزا عمران علی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "اس جنگ کا آغاز اسرائیل نے کیا ہے اور ان شاء اللہ اس کا انجام ایران کرے گا۔ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔"
اس احتجاجی مظاہرے میں مولانا سید امیر حسنین زیدی، مولانا سید شاہد حسین، مولانا مرزا عرفان علی، مولانا شاہنواز حسین، مولانا علی کوثر کیفی، مولانا جون شکارپوری، مولانا سرکار مہدی، مولانا شاویز علی ،مولانا اشرف زیدی ،انجمن شیعہ الصفا کے سکریٹری سرفراز حسین و دیگر ممبران سمیت کثیر تعداد میں علما و مومنین نے شرکت کی.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110





آپ کا تبصرہ