بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی اہلیۂ مکرمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ عالمِ تشیع اور بالخصوص مرجعِ عالی قدر کے خانوادے کے لیے نہایت بڑا صدمہ ہے۔ محترمہ خاتونِ مکرمہ (رضوان اللہ تعالیٰ علیہا) کی رحلت کی خبر نے دلوں کو غمگین اور آنکھوں کو اشکبار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذاتی حیثیت سے، انجمنِ شرعی شیعیان کی جانب سے اور جموں و کشمیر کی شیعہ قوم کی طرف سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ رب العزت میں مرحومہ مغفورہ کے لیے مغفرت، بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر و سکون کی دعا کرتا ہوں۔
آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی حیاتِ مبارکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے چراغِ ہدایت اور مینارۂ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایسی عظیم ہستی کی رفیقۂ حیات کا جدا ہونا بلاشبہ نہایت شاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ مرحومہ اپنی زندگی میں بالواسطہ و بلاواسطہ آیت اللہ العظمیٰ کے مشن اور خدمات میں شریک رہیں، اور اس طرح وہ بھی امتِ مسلمہ کی خدمت اور دینِ مبین اسلام کی بقا و استحکام میں ایک خاموش مگر نمایاں کردار ادا کر گئیں؛ ان کی خدمات اور قربانیاں فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے دعا کی کہ پروردگار اس عظیم نقصان پر آیت اللہ العظمیٰ کو اجرِ جزیل اور بے پایاں صبر عطا فرمائے اور آپ کا وجود مقدس عالمِ اسلام کے لیے ہمیشہ محفوظ رکھے۔
آخر میں آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے انجمن اور جموں و کشمیر کی شیعہ قوم کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی دام ظلہ اور ان کے خانوادے سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے تمام مؤمنین سے اپیل کی کہ وہ مرحومہ مغفورہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور مجالس کا اہتمام کریں۔
آپ کا تبصرہ