اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا |
ڈان نیوز کی رپورٹ
ایران کے تازہ حملے کے بعد اسرائیلی کے متعدد شہروں میں سائرن بجادیے گئے جب کہ صہیونی فوج نے شہریوں کو ہدایت دی ہیں کہ وہ محفوظ ٹھکانوں سے باہر نہ نکلیں۔
اسرائیل کے چینل 13 نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ایرانی میزائلوں نے شمالی ساحلی شہر حیفا اور پڑوسی قصبے تامر کو نشانہ بنایا ہے۔
ایک ایرانی بیلسٹک میزائل حیفا کے مشرق میں شمالی شہر تامرا میں ایک 2 منزلہ عمارت سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بیت یام میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں 10 اسرائیلی ہلاک ہوگئے جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 3 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، چینل 12 کے مطابق رات بھر ایرانی میزائل حملوں میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی ایک رپورٹ میں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل کے آسمان میں ایرانی کروز میزائل دکھائی دے رہے ہیں۔
ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کا ایک بڑا حملہ کیا ہے، جو فوجی آپریشن ’وعدہ صادق تھری‘ کا حصہ ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں، جس میں ڈرون حملے بھی کیے گئے ہیں، حملوں کے بعد حیفا آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے ایک براہِ راست نشریاتی بیان میں کہا کہ صہیونی ریاست کی نئی جارحیت کے جواب میں جاری مشترکہ حملہ آور کارروائیوں کے سلسلے ’وعدہ صادق-3‘ کے تحت اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے ایندھن کی تیاری کے مراکز اور اس ریاست کے توانائی کی فراہمی کے مراکز کو بڑی تعداد میں ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو ایرانی مسلح افواج کی حملہ آور کارروائیاں مزید شدت اور بڑے پیمانے پر جاری رہیں گی۔
ترجمان نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس ڈیفنس سسٹم نے کامیابی کے ساتھ اسرائیل کے 3 کروز میزائل، 10 ڈرونز اور درجنوں چھوٹے ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ایران نے جوابی کارروائی ’وعده صادق-3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے تھے۔
گذشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جب کہ ان حملوں کے نتیجے میں 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے۔
گذشتہ روز ایران کی جانب سے تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقاتی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ