بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پاسدار ابوالفضل شکارچی نے آج دوپہر (جمعرات، 13 نومبر) سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے شہدا کی یادگاری تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: میں تمام شہدا کی پاک روحوں کو سلام پیش کرتا ہوں، خاص طور پر ایرو اسپیس فورس کے بہادر شہدا اور اس کے عظیم شہید کمانڈروں کو۔
انھوں نے کہا: شہید طہرانی مقدم اور ان کے تمام ساتھیوں کی بقا کا راز ان کا ام الائمہ سیدہ فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) سے روحانی تعلق تھا۔
انھوں نے مزید کہا: اسلامی انقلاب کے دوران ہمارے تمام عزیز شہدا میں یہ خوبی تھی، لیکن شہید طہرانی مقدم میں یہ خصوصیت بہت نمایاں تھی۔
مسلح افواج کے ترجمان نے کہا: یہ خوبی شہید کمانڈر میجر جنرل امیرعلی حاجی زادہ میں بھی بہت نمایاں ہے۔ یہ بہادر شہید سلامی، شہید کاظمی، شہید زاہدی، شہید محمود باقری اور فضائی فوج کے دیگر قابل فخر شہدا میں بھی واضح طور پر نظر آتی ہے۔
انھوں نے کہا: ایرو اسپیس فورس حضرت زہرا (سلام اللہ علیہا) سے وابستہ فوج ہے اور اسی وجہ سے یہ روشن راستہ، ان شاء اللہ، طاقت اور عظمت کے ساتھ جاری رہے گا۔
بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے شہدا کے مشن کے تسلسل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ایرو اسپیس فورس روز بہ روز زیادہ طاقت اور صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم ولی فقیہ اور نائب امام زمانہ کی قیادت میں عزت و وقار کے ساتھ لہراتا رہے۔
انھوں نے کہا: شہید طہرانی مقدم نمایاں ترین شہید تھے جو صہیونی ریاست کی نابودی کے آرزو مند تھے؛ اور خدا کی مدد سے یہ خواہش پوری ہوگی۔ شہید امیر علی حاجی زادہ جیسے پیارے شہدا کا خون، اس قوم اور اس فورس کی رگوں میں دوڑ رہا ہے اور روز بروز اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
مسلح افواج کے ترجمان نے زور دے کر کہا: شہید طہرانی مقدم اور دیگر شہدا کا پاک خون، جیسے شہید محمد باقری، شہید رشید، شہید شادمانی، شہید سلامی اور ایرواسپیس فورس کے دیگر بہادر شہدا، اسلامی انقلاب کی عزت و حیات کا باعث ہے۔
انھوں نے مزید کہا: ہم کبھی کمزور نہیں ہوتے۔ بلکہ ان عزیز ہستیوں میں سے ہر ایک کے عروج کے ساتھ، اسلامی جمہوریہ ایران مزید طاقتور اور مستحکم ہوتا جاتا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے آخر میں کہا: شہدا کے خون کے برکت سے یہ روشن اور الٰہی راستہ انسانیت کے نجات دہندہ حضرت بقیۃ اللہ (عَجَّلَ اللہُ تَعَالیٰ فَرَجَہُ الشَّرِیفَ) کے ظہور تک جاری رہے گا اور ایرانی قوم امام خامنہ ای (حفظہ اللہ تعالیٰ) کی حکیمانہ قیادت میں، ولایت کا پرچم عزت و افتخار کی بلندیوں پر لہراتی رہے گی۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ