اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ |
’ارنا نیوز‘ کے مطابق ایران نے اسرائیل کے خلاف دوبارہ سے حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران نے اسرائیل پر 100 میزائل داغ دیے، جب کہ ہائیپر سانک اور بیلسٹک میزائلوں کے ٹکرانے پر اسرائیلی شہر حیفا میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایران کے تازہ حملے کے بعد اسرائیلی کے متعدد شہروں میں سائرن بجادیے گئے جب کہ صہیونی فوج نے شہریوں کو ہدایت دی ہیں کہ وہ محفوظ ٹھکانوں سے باہر نہ نکلیں۔
اسرائیل کے چینل 13 نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ایرانی میزائلوں نے شمالی ساحلی شہر حیفا اور پڑوسی قصبے تامر کو نشانہ بنایا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایک ایرانی بیلسٹک میزائل حیفا کے مشرق میں شمالی شہر تامرا میں ایک 2 منزلہ عمارت سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر صرف ایک شہری کی ہلاکت کی خبر آئی تھی جو بعد ازاں 4 تک پہنچ گئی اور ان حملوں میں 13 زخمی بھی ہوئے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی ایک رپورٹ میں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل کے آسمان میں ایرانی کروز میزائل دکھائی دے رہے ہیں۔
ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کا ایک بڑا حملہ کیا ہے، جو فوجی آپریشن ’وعدہ صادق-3‘ کا حصہ ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے ٹیلی گرام پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں، جس میں ڈرون حملے بھی کیے گئے ہیں، حملوں کے بعد حیفا آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ایران نے جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے تھے۔
گذشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جب کہ ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے۔
گذشتہ روز ایران کی جانب سے تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ