اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بعض اردنی شہریوں کی فراہم کردہ معلومات کی مدد سے "نصر 2" آپریشن کی اکیسویں لہر کے دوران اردن کے علاقے الازرق میں امریکی فوجیوں کی پناہ گاہوں اور عقبہ ایئرپورٹ پر موجود امریکی C-17 ٹرانسپورٹ طیاروں اور P-8 کمانڈ اینڈ کنٹرول طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ کئی فوجی طیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔
سپاہ پاسداران نے ایک علیحدہ بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکر دھماکوں کا شکار ہوئے ہیں۔ بیان میں اس راستے کو "غیر محفوظ" قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری امریکہ پر عائد کی گئی۔
بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ اگر امریکہ نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی اور مبینہ "دشمنانہ اقدامات" جاری رکھے تو آبنائے ہرمز کا مذکورہ راستہ تیل، گیس اور دیگر تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ نہیں رہے گا، اور امریکی افواج کو "تنبیہی کارروائیوں" کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ