21 جولائی 2026 - 00:27
ہم امریکہ کو ایسا سبق دیں گے کہ ہر جارح کو توڑ کر رکھ دے، سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران کی جنرل کمانڈ مسلح افواج کے معظم کمانڈر انچیف کے تزویراتی پیغام پر لبیک کہتے ہوئے ایک پیغام جاری کرکے زور دیا کہ ہم امریکہ کو ایسا سبق دیں گے جو ہر جارح کو غلطی کے اعادہ سے باز رکھے اور ہر لالچی دہشت گرد ملک کو توڑ کر رکھ دے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ آبنا؛ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جنرل کمانڈ نے مسلح افواج کے معظم کمانڈر انچیف کے تزویراتی پیغام پر لبیک کہتے ہوئے ایک پیغام جاری کرکے زور دیا کہ: ہم سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں حریمِ ولایت کے سبزپوش سپاہی، آپ جناب کا پیغام ایک نافذ العمل فرمان، ایک الٰہی عہد اور ملکی عزت و سالمیت کے دفاع کا مشن جاری رکھنے کے لئے ایک نقشۂ راہ (روڈ میپ) سمجھتے ہیں اور پورے وجود سے، ایران کی عظیم قوم کے ساتھ ہم آواز ہوکر "لبیک یا خامنہ ای" کا نعرہ اپنی روح کی گہرائیوں سے دہراتے ہیں۔

مسلح افواج کے معظم کمانڈر انچیف حضرت آیت‌الله امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (مدّ ظلّہ العالی) کے تزویراتی پیغام پرسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جنرل کمانڈ کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

﴿يُرِيدُونَ لِيُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ﴾

مسلح افواج کے معظم کمانڈر انچیف حضرت آیت‌الله امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (مدّ ظلّہ العالی) کی بارگاہ میں پر خلوص سلام و درود کے ساتھ!

قائدِ شہیدِ امت کی بے مثال تاریخی تشییع کے حقائق کی تشریح اور ایران کی مؤمن و بصیر قوم کی حماسہ آفرینی کی تکریم و تحسین میں جناب عالی کا تزویراتی، حکیمانہ اور عزت آفریں پیغام، عزت و عظمت، طاقت اور مقاومت کا زندہ جاوید منشور اور ایران کی عظیم قوم کی ہدایت میں، الٰہی قیادت کی حکمت کا نیا مظہر تھا؛ ایک ایسا پیغام جس نے حرائم پیشہ امریکی دشمن کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا، مستقبل کا افق روشن کر دیا اور اسلام، ایران اور انقلاب اسلامی کی حفاظت میں انقلاب کے تمام مخلصین ـ خاص طور پر اسلام کے مجاہدین ـ کی تاریخی ذمہ داری کو واضح کر دیا۔

ہم سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں حریمِ ولایت کے سبزپوش سپاہی، آپ جناب کا پیغام ایک نافذ العمل فرمان، ایک الٰہی عہد اور ملکی عزت و سالمیت کے دفاع کا مشن جاری رکھنے کے لئے ایک نقشۂ راہ (روڈ میپ) سمجھتے ہیں اور پورے وجود سے، ایران کی عظیم قوم کے ساتھ ہم آواز ہوکر "لبیک یا خامنہ ای" کا نعرہ اپنی روح کی گہرائیوں سے دہراتے ہیں۔

ہم عہد باندھتے ہیں کہ ہمیشہ اس قوم کی سلامتی، آزادی و خودمختاری، عزت اور ترقی کو ایمان، توکل، خود انحصاری، قومی طاقت اور ولایت کی اطاعت کے ستونوں کے پاسدار رہیں گے اور اس سرزمین کی تقدیر کو کسی طفل کُش دشمن کے وعدے سے ہرگز منسلک نہیں کریں گے جس کی سابقہ کارکردگی ایرانی قوم کے ساتھ عہدشکنی، دھوکہ دہی اور عناد و عداوت سے بھرپور ہے۔ اس قوم کے عظیم تجربات نے ہمارے ایمان کو اس حقیقت پر مزید پختہ کر دیا ہے کہ عزت کا راستہ مزاحمت، ہوشیاری اور طاقت کے راستے سے گذرتا ہے۔

اسی لئے ہم روحِ ایمان اور الٰہی جذبے کو تقویت دینے، دفاعی صلاحیت کے مسلسل ارتقاء، ہمہ گیر جنگی تیاری، تسدیدی صلاحیت کی ترقی، معلوماتی برتری کی پختگی، سائنسی اور تکنیکی میدانوں میں پیش پیش رہنے اور تمام میدانوں میں اقدام کا حق برقرار رکھنے کو ایک ناقابل ترمیم ذمہ داری اور ایمان، قانون اور انقلاب سے پیدا ہونے والا عظیم مشن سمجھتے ہیں اور اس پر عمل کرنے میں ایک لمحہ بھی سستی اور توقف روا نہیں رکھتے۔

ہم نے جناب عالی کے حکیمانہ حکم کو اپنا نصب العین قرار دیا ہے اور اب جب کہ مجرم امریکہ نے ایک بار پھر غلطی، جارحیت اور مہم جوئی کا راستہ اختیار کر لیا ہے، ہم اس عہد پر قائم ہیں کہ اسے "فراموش نہ ہونے والا سبق" ـ جس کی آپ جناب نے نوید دی ہے ـ طاقت، فیصلہ کن انداز سے، حکمت اور قوت کے ساتھ سکھائیں گے؛ ایک ایسا سبق جو ہر جارحیت کرنے والے کو غلطی کے اعادے سے باز رکھے، ہر لالچی کو توڑ کر رکھ دے اور ایرانی قوم کی ناقابل شکست ارادے کی حقیقت کو تاریخ کے صفحے پر ثبت کر دے اور مستضعفین کی عالمی حکومت کی راہ ہموار کرے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قومی اتحاد اور یکجہتی قائم رکھنے پر آپ جناب کی تاکید پر عمل کرتے ہوئے، دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کر، قومی یکجہتی کی حفاظت، داخلی محاذ کی تقویت، انقلاب کے سماجی سرمائے کی پاسداری اور عوام اور اسلامی نظام کی متحدہ صفوں میں دشمن کی کسی بھی دراندازی روکنے کو انقلاب کی حفاظت کے منشور میں، اپنی اہم ترین ذمہ داریوں میں شمار کرتی ہے اور اس کو یقین ہے کہ دفاعی طاقت، قومی اتحاد کے سائے میں مضبوط اور نافذ ہوگی۔

حریمِ ولایت کے سبزپوش جانباز، امامِ راحلِ عظیم الشان کے نورانی مکتب اور قائدِ شہیدِ امت کی رہنمائیوں سے نمونہ لیتے ہوئے، شہیدوں کے پاک خون سے روشنی حاصل کرتے ہوئے، جناب عالی کے اوامر و حکامات اور مرضی و مقصود کی مکمل اطاعت میں، اس ابدی عہد پر قائم و دائم رہیں گے کہ آخری سانس، آخری قطرۂ خون اور قوت کی آخری رمق تک، قوم کی سلامتی کی مضبوط ڈھال، اسلامی ایران کے استقلال و خودمختاری کے نگہبان، مقدس اسلامی جمہوری نظام کی عزت و عظمت کے پاسدار اور انقلاب اسلامی کے اہداف کے محافظ رہیں گے۔

یہ ایک ایسا لبیک ہے جو ایمان سے اٹھا ہے، بصیرت پر استوار ہے، اخلاص سے آراستہ ہے، طاقت اور مضبوطی پر مبنی ہے اور خونِ شہداء سے مُہر شدہ ہے؛ ایک ایسا لبیک جو ولی فقیہ کے پرچم تلے جاری رہے گا اور حریمِ ولایت کے پاسدار اسے زبان سے نہیں بلکہ اپنی تیاری، جہاد، ایثار اور مضبوط و طاقتور سے با معنی بنائیں گے۔

والسلام علیکم و رحمت اللہ برکاتہ

جنرل کمانڈ، سپاه پاسداران انقلاب اسلامی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha