بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ جنگ کے امتداد اور آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش، جہازرانی کے خطرات میں اضافے اور تیل کی بیمہ لاگتوں میں زبردست اضافے کی وجہ سے، توانائی کی منڈی دباؤ کا شکار ہے؛ اس دوران، امریکہ میں ـ نقل و حمل، زراعت اور سپلائی چین پر اثر انداز ہونے والے ایندھن کے اہم حلقے یعنی ـ ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافے نے توانائی کی منتقلی کے راستوں کی بندش کے معاشی نتائج کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
مضمون کا خلاصہ:
تیل کی قیمت صرف خبروں کا موضوع بنتی ہے، لیکن ڈیزل کی قیمت دراصل بازار اور معیشت میں دھماکہ کر دیتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران پر مسلط کردہ امریکی جنگ کا 198واں دن بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ شروع ہؤا۔ 13 ستمبر 2026ع کو بحری معلوماتی کمپنی امبری (Ambrey Intelligence) نے ایک پاناما پرچم والے آئل ٹینکر کی رپورٹ دی جو آبنائے ہرمز میں داخل ہوتے وقت نامعلوم پروجیکٹائل سے متاثر ہو کر رک گیا۔ بعد ازاں ضلع قشم کے کمشنر نے بتایا کہ ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص شہید اور تین زخمی ہوئے۔ آبنائے ہرمز اب بھی بند ہے اور امریکہ اپنی تمام تر فوجی طاقت کے باوجود کچھ کر نہیں سکا ہے اور نہیں کر سکے گا۔
ایران نے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے راستے کے تعین سے متعلق معاہدے پر دستخط کا اعلان کیا، تاہم ایران واضح کرتا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھل گیا ہے۔ اس خبر نے تیل کی منڈی پر اثر ڈالا اور قیمتیں 104 ڈالر فی بیرل پر رک گئیں۔
مغربی بیمہ کمپنیوں کی موقع پرستی:
رائٹرز کے مطابق بحیرہ عمان میں فراہم کردہ تیل کے فی بیرل کے لئے بیمہ کی مد میں 11.5 ڈالر وصول کئے جا رہے ہیں، جبکہ جنگ سے قبل یہ رقم صرف 5 سینٹ فی بیرل تھی۔
امریکی امور کے ماہر پروفیسر ڈاکلر فؤاد ایزدی کے مطابق اگر ایران کو آبنائے ہرمز سے آمدنی نہ ہو تو یہ رقم مغربی بیمہ کمپنیوں کو جاتی ہے۔
ایزدی کے مطابق، آکسفورڈ پراسیس کے تخمینے کے مطابق ایران آبنائے ہرمز سے سالانہ 80 ارب ڈالر کما سکتا ہے، یعنی تیل کی سالانہ آمدنی سے دو گنا زيادہ۔
ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایرانی انتظام اور 5 ڈالر فی بیرل محصول، جہاز مالکین کے لئے مغربی بیمہ کمپنیوں کو 11.5 ڈالر فی بیرل دینے سے کہیں زیادہ فائدہ مند ہے۔
ڈیزل کی قیمت، معیشت پر اصل دباؤ:
بلومبرگ کے مطابق کیلیفورنیا کے ایک پٹرول اسٹیشن پر ڈیزل 9.99 ڈالر فی گیلن فروخت ہؤا۔ این بی سی نے 6 ڈالر کے ڈیزل کو امریکی معیشت کے لئے "بدشگون ریکارڈ" قرار دیا۔ ڈیزل کی لاگت ہر چیز پر اثر ڈالتی ہے، فارم چلانے سے لے کر خوراک اور ٹرانسپورٹ سے آنے والی ہر چیز تک۔
بزنس انسائیڈر کے مطابق بینک آف امریکہ نے خبردار کیا کہ ڈیزل کی بے مثال قیمت "معیشت پر اصل دباؤ" ہے۔ گیس بڈی کمپنی (GasBuddy) کے تجزیہ کار پیٹرک دیہان (Patrick Dehaan) کے مطابق، ڈیزل کا نیا ریکارڈ انتہائی تکلیف دہ ہوگا کیونکہ یہ تمام ترسیلات اور آرڈرز پر اثر ڈالے گا اور ممکنہ طور پر سپلائی چین میں افراط زر کو دوبارہ بھڑکا دے گا۔
یمنی ہاتھ کی ضرب بدستور قابل دید ہے
یمنی افواج نے سعودی عرب کے علاقے شرورہ کے فوجی اڈے میں اسلحہ ڈپو اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا۔
شرورہ نجران صوبے میں سعودی افواج کے لئے اہم ترین لاجسٹک مرکز ہے جو مأرب اور الجوف میں کرائے کے فوجیوں کے لئے رسد میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
علاوہ ازیں، یمنی مسلح افواج نے بندرگاہ ینبع کی تیل تنصیبات اور مشرقی سعودیہ سے ینبع تک کی پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا۔
ینبع سعودی عرب کے مغرب میں، بحیرہ احمر کے ساحل پر تیل و ایندھن کی منتقلی کا اہم اڈہ ہے۔
یمن کے اس حملے کے بعد سعودی عرب کے لیے ایندھن کی منتقلی پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہو گئی ہے۔
گذشتہ مہینوں میں مغربی میڈیا اور امریکی و اسرائیلی حکام آبنائے ہرمز کی اہمیت کم پڑ جانے اور ایران کے ہاتھ خالی ہونے کے دعوے کرتے رہے تھے، جسے مغرب سے وابستہ علاقائی میڈیا نے بھی دہرایا۔ لیکن حالیہ حملوں نے ثابت کر دیا کہ کوئی بھی تنصیب یا پائپ لائن خلیج فارس سے توانائی کی منتقلی کی سلامتی کو یقینی نہیں بنا سکتی اور کوئی بھی راستہ آبنائے ہرمز کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ