9 اکتوبر 2026 - 20:17
سعودیوں کی جنگ جوئی، ٹرمپ کے لئے نیا روگ

امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ سعودی عرب یمن کے خلاف جنگ میں شدت لانے کے لئے پر تول رہا ہے جس کی وجہ سے تیل کی عالمی منڈیوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جو پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، اور یہ بحران درمیانی مدت کے انتخابات کی آمد پر ریپلکنز کے لئے نیا چیلنج بن سکتا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || امریکی ذرائع نے لکھا ہے کہ سعودی عرب یمن میں کھوئے ہوئے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جنہیں انصار اللہ نے بہت تھوڑے دنوں میں آزاد کرایا تھا۔ اور یہ کہ سعودی عرب خفت آمیز شکستوں اور سعودی ٹھکانوں اور تیل کی تنصیبات کی تباہی کے باوجود، انصار اللہ کے ساتھ جنگ بندی پر غور نہیں کرنا چاہتا۔

پولیٹیکو نے لکھا ہے کہ یہ موقف امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے موقع پر تنازع کے بڑھنے کا امکان بڑھا دیتا ہے؛ ایسے انتخابات جس میں مغربی ایشیا کے خطے کی جنگیں اور تیل کی قیمتیں ووٹرز کے لئے اہم موضوعات ہوں گی۔

ریاض کے نقطہ نظر سے واقف 6 افراد، جن میں علاقائی حکام بھی شامل ہیں، کے بیانات کے مطابق، سعودی کمزور نظر نہیں آنا چاہتے اور انہیں خدشہ ہے کہ انصاراللہ مجاہدین تنازع میں کسی بھی وقفے کو مزید مقبوضہ علاقے سعودیوں سے آزاد کرانے کے لئے استعمال کریں گے۔

انصاراللہ کے مجاہدین نے گذشتہ ماہ (ستمبر) میں بحیرہ احمر کے کنارے واقع اسٹراٹیجک علاقے آزاد کئے تھے، اور سعودی عرب نے ـ جو یمن میں اپنی کٹھ پتلی حکومت کی حمایت کرتا ہے، ـ اس ہفتے ان علاقوں کو واپس لینے اور آبنائے باب المندب پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لئے آپریشن شروع کیا؛ یہ وہ گذرگاہ ہے جو سعودی عرب کے تیل کی ترسیل کے لئے انتہائی اہم ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق، تنازع کا امتداد کا مطلب یہ ہے کہ آبنائے باب المندب سے جہازوں کی آمدورفت کم از کم مستقبل قریب میں خطرے سے دوچار رہے گی۔

اس صورتحال سے عالمی تیل کی منڈی اور دیگر تجارتی تبادلوں پر دباؤ بڑھے گا؛ ایسی منڈیاں جو پہلے ہی آبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران کے تصادم کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہیں۔

یہ خبر ریپبلکن امیدواروں اور ہر اس شخص کے لئے بری ہے جنہیں توقع ہے کہ مڈٹرم انتخابات کی آمد پر علاقائی کشیدگیوں نیز امریکہ کے اندر معاشی بے چینی میں کمی آئے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحریر: میثم یعقوبی

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha