بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ کل منگل کی شام رہبرِ شہیدِ امت اور ان کے شہید اہل خانہ کی میتیں انتہائی شان و شوکت سے نجف اشرف کے بین الاقوامی اڈے پہنچیں اور عراقی حکام اور عوام نے ان کا استقبال کیا؛ اور تشییع جنازہ آج بروز بدھ 8 جولائی 2026ع صبح کے ابتدائی اوقات سے کروڑوں عراقی باشندوں اور مقامات مقدسہ کے زائرین کی موجودگی میں حرمِ امیر المؤمنین(ع) سے شروع ہوئی؛ اہل بیت (ع) کے عاشقوں کے نوحہ خوانی، مرثیہ خوانی اور کندھوں پر پیکر اٹھانے کے ساتھ حرم امیرالمؤمنین (ع) تک جانے والے راستوں پر جاری رہی۔
اعلان کردہ پروگرام کے مطابق، نجف اشرف میں تشییع کی رسم ادا کرنے کے بعد، پاکیزہ پیکر کربلائے معلی منتقل کیے جائیں گے اور حرم حضرت سیدالشہداء (ع) اور حضرت ابوالفضل العباس (ع) میں تشییع اور طواف کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
رہبرِ شہیدِ امت سے وداع کرنے والے عراقیوں نے اسلامی انقلاب کے رہبر معظم، آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی تصاویر ہاتھ میں لے کر ان سے اپنی بیعت کا اعلان کیا اور ایرانی پرچم اور مقاومتی جھنڈے لہرا کر محور مقاومت کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
عراق میں المیادین نیٹ ورک کے نامہ نگار نے اعلان کیا کہ کربلا گورنریٹ نے رہبرِ شہیدِ امت کے پیکر کی تشییع کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی ابتدائی تعداد 7 ملین (70 لاکھ) افراد ریکارڈ کی ہے۔
عراق کی الحشد الشعبی نے اعلان کیا کہ رہبرِ شہیدِ امت کے پاکیزہ پیکر کی تشییع کی تقریب میں شہر نجف اشرف میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 2.3 ملین (23 لاکھ) سے تجاوز کر گئی ہے اور پورے عراق سے سوگواروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہنے کے ساتھ یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔
جاری کردہ تصاویر اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ تشییع کا 6 کلومیٹر طویل راستہ ہجوم سے بھرا ہؤا ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح سویرے انقلاب کے شہید رہنما کے خاندان کے شہداء کے پاکیزہ پیکر سوگواروں کے "لبیک یا علی (علیہ السلام)" کے نعروں کے درمیان مضجع مطہرِ امیرالمومنین (علیہ السلام) میں داخل کئے گئے تھے۔

نجف اشرف میں رہبرِ شہیدِ امت کے پیکر کی تشییع کی تقریب میں شیعیان نائیجریا کے قائد شیخ ابراہیم زکزاکی سوگواروں کے درمیان موجود تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ رہبرِ شہیدِ امت اور ان کے خاندان کے پاکیزہ پیکر عراقی حکام کے شاندار استقبال کے درمیان نجف کے ہوائی اڈے پہنچے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ