12 مارچ 2026 - 03:32
2200 صحافیوں کی رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ بیعت

2200 سے زیادہ صحافیوں اور قلمکاروں نے اپنے بیان میں امام خامنہ ای (رضون اللہ علیہ) کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کے انتخاب پر تہنیت پیش کی اور ان سے بیعت کی۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || 2200 سے زیادہ صحافیوں اور قلمکاروں نے اپنے بیان میں امام خامنہ ای (رضون اللہ علیہ) کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کے انتخاب پر تہنیت پیش کی اور ان سے بیعت کی۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مجلس خبرگان نے اس بروقت اور حکیمانہ انتخاب کے ذریعے رہبر انقلاب کے خلا کا ازآلہ کرتے ہوئے امید کو امت کے دلوں میں زندہ کر دیا۔

بیان کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اسلامی انقلاب کے رہبر حکیم

حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (دام ظلہ العالی)

السلام علیکم و رحمۃ اللہ

حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (قدس سرہ الشریف) کی شہادت کی خبر نے مؤمنین اور امت مسلمہ کے دلوں کو گہرے سوگ و ماتم سے دوچار کیا۔ بلا شبہ اس اسوۂ تقویٰ و مقاومت کا فقدان عالم اسلام کے پیکر پر ایک ناقابل تلافی شگاف ہے۔ اس عظیم مصیبت پر حضرت ولی عصر (علیہ السلام) ایران کی شریف قوم، امت مسلمہ اور خاص طور پر آپ کو ـ جو کہ اس عظیم اور بھاری امانت کے وارث ہیں ـ تعزیت پیش کرتے ہیں۔

اس حساس اور تقدیر ساز مرحلے میں، جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو دشمن کی یلغار اور بین الاقوامی پیچیدگیوں کا سامنا ہے، مجلس خبرگان کے حکیمانہ انتخاب نے امت اسلام کے دلوں سے ایک بڑا غم زائل کر دیا اور تیسرے رہبر انقلاب کے طور پر آپ جناب کا انتخاب ملت ایران کے گہرے زخموں پر مرہم تھا۔

ہم صحافی، اہل قلم، خطباء اور میڈیا کے تصویر ساز، اس دانشمندانہ انتخاب کی فیصلہ کن پشت پناہی کرتے ہیں اور اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ اپنے حصے کے طور پر ملک کے اندر اور باہر، نئے رہبر انقلاب کی مناسب تصویر پیش کریں۔

ہم صحافی تشریح و تبیین کے ذمہ داروں کے لئے یہ بات بہت باعث امید اور اطمینانِ قلب ہے کہ آپ بہت نمایاں فضائل اور خصوصیات کے حامل ہیں:

1۔ انقلابی شجاعت اور استکبار کی مخالفت:

استکباری محاذ پوری طاقت سے نرم اور سخت جنگ کے میدان میں اتر آیا ہے، اور اس صورت حال میں ایک شجاع رہبر، جو استکبار دشمنی میں اپنے شہید اور مجاہد والد کے وارث ہیں، انقلاب اسلامی کے عزت آفرین مشن کی ضمانت ہے۔  زمانے کے طاغوتوں کے مورچے فتح کرتی ہے اور ہرزہ سراؤں کے منہ پر ایک مضبوط گھونسا ہے۔

2۔ دینی علم اور فقاہت کی گہرائی

حوزۂ مبارکۂ علمیہ قم برسوں سے فقہ اور اصول فقہ کے درس خارج کی تدریس اور شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ مصباح یزدی، آیت اللہ ہاشمی شاہرودی، آیت اللہ شبیری زنجانی، آیت اللہ تبریزی و آیت اللہ وحید خراسانی جسے فقہا اور اساتذہ سے فیض وافر اٹھانے سے عیاں ہوتا ہے کہ آپ بہت اعلیٰ علمی مراتب پر اور اجتہاد مسلم کے رتبے پر فائز ہیں۔ یہ مستحکم فقہی بنیادیں خالص اسلامی معیاروں کے دائرے میں، انقلاب اسلامی کے تسلسل کی ضمانت ہے۔

3۔ جوان، جدت پسند اور ترقی پسندانہ فکر

جو ثمربخش بنیاد انقلاب اسلامی کے شہید قائد نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی بنا پر استوار کی ہے، آج ایسی شخصیت کو ورثے میں ملی ہے جو انقلاب کی نئی نسل کے ہم عصر ہیں، عالمی حالات کا گہرا ادراک رکھتے ہیں اور یہ اس حقیقت کی خوشخبری ہے کہ نیا دور، انقلاب کے بنیادی اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے اور جدت و تحرک کا دور ہے جس میں آپ کی قیادت کے تحت، ملک کی ہمہ جہت ترقی اور پیچیدہ مسائل کے حل کے لئے جدید روشوں سے استفادہ کیا جائے گا۔

4۔ تقویٰ، سادہ زیست، صحتمندی اور مالی طہارت

جس دنیا میں مال و زر، طاقت اور فریب، طاقت کے اظہار کے اوزار ہیں، آپ جناب کی سادہ اور زاہدانہ زندگی، دنیاوی لحاظ سے پاکیزگی اور مالی طہارت ـ جو زبانزدِ عام و خاص ہےـ امیرالمؤمنین امام علی (علیہ السلام) ائمۂ معصومین (علیہم السلام)، امام خمینی اور امام خامنہ (رضوان اللہ علیہما) کی سیرت کی یاددہانی کراتی ہے۔ یہ نمایاں خصوصیات، انقلاب اسلامی پر عمومی اعتماد کو تقریت دیتی ہے اور ملک کے کارگزاروں اور عہدیداروں کے لئے زندہ جاوید نمونۂ عمل ہے۔

5۔ غور و فکر اور دور اندیشی

فیصلہ سازیوں میں آپ جناب کی پختگی، اجتماعی عقل سے فائدہ اٹھانا اور عجلت زدگی سے پرہیز ان نمایاں خصوصیات ہیں جو تاریخ کے خطرناک موڑ سے عبور کرنے اور موجودہ پیچیدگیوں میں ملک کے انتظام و انصرام کے لئے ناقابل انکار ضرورت ہیں۔

6۔ صحیح راستے پر انقلاب کا مشن جاری رکھنے والے

آپ جناب نے امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کے مکتب اور اپنے شہید، مجاہد اور انقلابی والد کی آغوش میں پرورش پائی ہے اور یہ مہم انقلاب اسلامی کا فخر آمیز مشن، اس کے خالص بنیادی اور صحیح راستے ـ یعنی استقلال، آزادی اور اسلامی جمہوریہ اور مظلومین اور مستضعفین کے دفاع و تحفظ ـ پر جاری رکھنے کا ضامن ہے۔

ہم صحافی اور ذرائع ابلاغ کے کارکن، اس حساس مرحلے میں، اپنی عظیم ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے "فقیہ مجاہد"، "عالم عامل" اور "صالح اور بہادر رہبر" کے عنوان سے، آپ جناب کے ساتھ بیعت کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ اپنی پوری قوت و صلاحیت سے انقلاب اسلامی کے مکتب اور بیانیے کی تشریح و تبیین، معاشرے میں امید آفرینی، دشمنوں کی سازشوں کی ناکامی اور نظام اسلامی کے اعلی مقاصد و اہداف کے دفاع کے لئے آپ کی قیادت کے ساتھ اور آپ کے فرمان کے تابع ہونگے۔

ہم اس عظیم عہدے پر، اللہ تعالیٰ کی درگاہ سے آپ جناب کی صحت و سلامتی، توفیق اور روزافزوں سربلندی کی دعا اور اللہ تعالیٰ سے آپ کی حکیمانہ قیادت میں، پیارے ایران اور امت مسلمہ کی سربلندی کی التجا کرتے ہیں۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے اہلیان صحافت

مورخہ 9 مارچ 2026ع‍

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha