22 جون 2026 - 15:55
آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلہ صرف ایرانی عوام اور مسلح افواج کا حق ہے: ابراہیم عزیزی

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے خود مختار پانیوں کا حصہ ہے اور اس سے متعلق فیصلہ صرف ایرانی عوام اور مسلح افواج کا حق ہے۔

 اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے خود مختار پانیوں کا حصہ ہے اور اس سے متعلق فیصلہ صرف ایرانی عوام اور مسلح افواج کا حق ہے۔

ایرانی رکنِ پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آبنائے ہرمز کے حوالے سے سخت بیان دیتے ہوئے لکھا ہے کہ تم دھمکیاں دیتے ہو، ہم کارروائی کرتے ہیں، آبنائے ہرمز نہ کسی کا ذاتی کیسینو ہے اور نہ ہی جدید قزاقوں کا بیک یارڈ، یہ ایرانی خودمختار پانی ہے اور اس سے متعلق حتمی فیصلہ ایرانی عوام اور اس کی بہادر مسلح افواج کا حق ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے دوران خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے ہفتے کے روز اس آبی گزرگاہ کو دوبارہ بند کرنے کے اعلان کے بعد صورتِ حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جسے علاقائی جنگ بندی سے متعلق تنازعات کے ردِعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

قبل ازیں ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسوب ایک بیان میں مبینہ طور پر کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمد و رفت کے لیے بند کیا جا رہا ہے اور جہازوں کو اس حساس آبی راستے کے قریب نہ آنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha