اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی اور سیکریٹری جنرل ضیاءالحسن نجفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی قوم نے امریکا کے تکبر کو توڑ دیا ہے اور یہ معاہدہ دراصل ایران کی سیاسی و سفارتی فتح کی علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں صرف پاکستان کو وہ اعتماد حاصل ہوا جس کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں اور مذاکرات میں کردار ادا کیا گیا، اور اس طرح پاکستان کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
رہنماؤں کے مطابق غزہ کے شہداء کے خون کے اثرات نے امریکا اور اسرائیل کو ایک تاریخی ناکامی سے دوچار کیا ہے، جبکہ ایران نے اپنے دینی عقیدے اور حاکمیتِ الٰہی پر اعتماد کے ساتھ عالمی طاقتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی قیادت، بالخصوص وزیراعظم اور آرمی چیف کا کردار اس سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم رہا ہے، جس کے باعث ملک کو عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
وفاق المدارس نے زور دیا کہ امریکا کی جانب سے ماضی میں ایران کو دی جانے والی دھمکیوں کے باوجود، بالآخر اسے مذاکرات اور معاہدے کی طرف آنا پڑا، جو اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
آخر میں بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امریکی اثر و رسوخ کے مقابلے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد ناگزیر ہے تاکہ استعماری سازشوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ