25 جولائی 2026 - 14:45
بھارتی سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر: آیت اللہ خامنہ ای نے حق پسندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا

بھارتی سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے کہا ہے کہ شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای سے ہماری عقیدت کسی سیاسی وابستگی کی وجہ سے نہیں بلکہ انسانیت سے ان کی غیر معمولی وابستگی کے سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ "خامنہ ای" وہ نام ہے جس نے دنیا بھر کے حق پسند انسانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے کہا ہے کہ شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای سے ہماری عقیدت کسی سیاسی وابستگی کی وجہ سے نہیں بلکہ انسانیت سے ان کی غیر معمولی وابستگی کے سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ "خامنہ ای" وہ نام ہے جس نے دنیا بھر کے حق پسند انسانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔

بھارتی سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے آیت اللہ خامنہ ای کی تشییع میں شرکت کے موقع پر کہا کہ بعض منفی پروپیگنڈے کے برعکس آیت اللہ خامنہ ای صرف اپنے ملک کے رہنما نہیں تھے بلکہ پوری انسانیت کے امن، سکون اور بہتر مستقبل کے لیے فکر مند رہتے تھے۔ وہ ہمیشہ جنگ کے بجائے مکالمے اور امن کی حمایت کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کسی مذہبی رہنما کو نشانہ بنا کر قتل کرنا نہ صرف انسانی اصولوں بلکہ جنگ کے مسلمہ ضابطوں کے بھی خلاف ہے۔ ان کے مطابق اگر آج ایک مذہبی رہنما کو نشانہ بنایا جائے تو کل دوسرے مذاہب کے رہنما بھی اسی خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں، اسی لیے تمام توحیدی مذاہب کے ماننے والے اس سانحے پر غمزدہ ہیں۔

گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے امریکہ اور مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی سپر پاور وہ نہیں جو صرف اسلحہ رکھتی ہو، بلکہ وہ ہے جو دنیا اور انسانیت کا تحفظ کرے۔ جو لوگ امن اور انسانی اقدار کے لیے آواز اٹھاتے ہیں، انہیں قتل کرنا انسانیت کی شکست کی علامت ہے۔

انہوں نے جنگوں میں بچوں کی شہادت اور دیگر افسوسناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب انسانی اقدار کے زوال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے بقول جو لوگ انسانی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کی حمایت کی جانی چاہیے۔

بھارتی سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای ہمیشہ ان افراد کی حمایت کرتے تھے جو انسانی اقدار کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے ہیں اور ظلم و بربریت کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں۔ اسی لیے ہم ان کی فکر اور نظریے سے متاثر ہیں اور ان کے پیغام کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی سرو دھرم سنسد کا وفد ان اولین وفود میں شامل تھا جو اظہارِ تعزیت کے لیے ایران پہنچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی حکومت یا سیاسی جماعت کی نمائندگی نہیں بلکہ حق پسند انسانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ایسی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں جس نے پوری زندگی انسانیت کے دفاع کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے ایران اور ہندوستان کے تاریخی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک صدیوں پر محیط مشترکہ تہذیبی ورثہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں قائم ایرانی ثقافتی مرکز (کلچر ہاؤس) سے ان کے دیرینہ روابط ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کا امن، مکالمے اور انسان دوستی کا پیغام ہی ان کی زندگی کا بھی مقصد ہے۔ 82 برس کی عمر میں بھی وہ مختلف ممالک کا سفر کر کے اسی پیغامِ امن کو عام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی اسی مشن کو جاری رکھیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha