24 جولائی 2026 - 15:12
ایران کا ہمسایوں سے کوئی دشمنی نہیں، امریکہ کے پاس پسپائی کے سوا کوئی راستہ نہیں: سربراہ عدلیہ

ایران کے سربراہ عدلیہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ ای نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے کسی بھی ہمسایہ ملک سے دشمنی نہیں رکھتا بلکہ ہمیشہ ان کا مددگار رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے مقابلے میں واشنگٹن کے پاس اپنی جارحانہ پالیسی ترک کرنے اور پسپائی اختیار کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے وزیر اعظم علی الزیدی نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایران کے سربراہ عدلیہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ ای سے ملاقات کی۔

محسنی اژہ ای نے اس موقع پر امامِ شہید آیت اللہ خامنہ ایؒ کی تشییع اور تدفین کی تقریبات میں عراقی عوام اور حکومت کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے عوام کی بے مثال حاضری نے امت اور امامت کے مضبوط تعلق کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔

انہوں نے اربعین کے زائرین کے لیے عراقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات اور دونوں ممالک کے درمیان حسنِ ہمسائیگی کے فروغ کو بھی سراہا، جبکہ علی الزیدی کو عراق کا وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایران کے سربراہ عدلیہ نے کہا کہ امریکہ گزشتہ 47 برس سے ایران کے خلاف مختلف نوعیت کی دشمنانہ کارروائیاں کرتا آ رہا ہے، جن میں اقتصادی پابندیاں، نفسیاتی جنگ، سکیورٹی سازشیں اور فوجی دباؤ شامل ہیں، تاہم ایرانی قوم نے ہمیشہ ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کیا ہے اور کبھی بھی سرِ تسلیم خم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے صدر کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کے خلاف دھونس اور جارحیت کامیاب نہیں ہو سکتی، بلکہ واشنگٹن کے پاس صرف ایک راستہ ہے کہ وہ اپنی بالادستی کی پالیسی ترک کرے اور ایران کو جھکانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

محسنی اژہ ای نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کی داخلی سیاسی صورتحال بھی اس کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں نہیں اور ان کے اپنے اتحادی بھی خارجہ پالیسی پر تنقید کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، ایران کے خلاف محاذ آرائی امریکی حکومت کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ممالک کو دوست سمجھتا ہے، ان کے ساتھ کسی قسم کی دشمنی نہیں رکھتا اور ماضی کی طرح آئندہ بھی مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔

سربراہ عدلیہ نے کہا کہ امریکہ نے بعض ہمسایہ ممالک میں فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں اور انہی اڈوں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ ان کے بقول، ایران ایسے مراکز کو جارحیت کا منبع سمجھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر ان کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے مسلم دنیا اور آزادی پسند اقوام پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام اور جارحیت و قبضے کے خاتمے کے لیے متحد ہوں۔

محسنی اژہ ای نے ایران اور عراق کے تعلقات کو مضبوط اور ناقابلِ شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی اور قانونی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عراق کی نئی حکومت سے عدالتی معاہدوں پر مکمل عمل درآمد، مجرموں کی حوالگی کے شعبے میں تعاون اور انسدادِ بدعنوانی کے میدان میں تجربات کے تبادلے پر بھی زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha