20 ستمبر 2025 - 13:16
مآخذ: ابنا
امریکی سینیٹر کی جانب سے فلسطین کو باضابطہ ملک تسلیم کرنے کی قرارداد پیش

امریکی سینیٹر جیف مرکلی نے سینیٹ میں ایک تاریخی قرارداد پیش کی ہے جس میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین کو بطور ملک باضابطہ طور پر تسلیم کرے

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، امریکی سینیٹر جیف مرکلی نے سینیٹ میں ایک تاریخی قرارداد پیش کی ہے جس میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین کو بطور ملک باضابطہ طور پر تسلیم کرے۔

رپورٹ کے مطابق، مرکلی نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا نہ صرف ایک عملی قدم ہے جو امریکہ اٹھا سکتا ہے تاکہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام آزادی، عزت اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں، بلکہ یہ ایک درست اور ضروری اقدام بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پر قیادت کی ذمہ داری ہے اور وقت آ گیا ہے کہ اب عملی قدم اٹھایا جائے۔

اس قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ امریکہ بین الاقوامی قوانین اور دو ریاستی حل کے اصولوں کے مطابق ایک غیر فوجی فلسطینی ریاست کو ایک محفوظ اسرائیل کے ساتھ تسلیم کرے۔قرارداد میں سب سے پہلے فوری جنگ بندی، تمام قیدیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اس کے بعد مستقبل کے امن و خوشحالی کی بنیاد رکھی جائے۔

مرکلی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلیں ناامنی اور ظلم و ستم سے محفوظ رہیں تو فلسطین کی ریاست کے قیام کے مقصد کو مزید مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔

یہ قرارداد ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے، جہاں امریکہ کے متعدد اتحادی فلسطین کو باضابطہ تسلیم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس قرارداد کی حمایت کرنے والوں میں سینیٹرز کریس وین ہولن، ٹم کین، برنی سینڈرز، پیٹر وولچ، ٹینا اسمتھ، ٹامی بالڈون اور مازی ہیرونو بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے فرانس اور سعودی عرب کی پیش کردہ ایک قرارداد منظور کی جس میں نیویارک ڈیکلیریشن کے تحت فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کی حمایت کی گئی۔

گزشتہ چند مہینوں میں یورپ کے کئی ممالک بشمول اسپین، آئرلینڈ، ناروے اور سلووینیا فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کر چکے ہیں، جبکہ دیگر مغربی ممالک نے بھی عندیہ دیا ہے کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس اقدام کو آگے بڑھائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha