اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر مبینہ طور پر ایک تقریب کے دوران خاتون کے حجاب کو ہاتھ لگانے/کھینچنے کے واقعے پر آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا یعسوب عباس نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اس عمل کو خواتین کے احترام اور مذہبی جذبات کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
مولانا یعسوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عام شخص اس طرح کا عمل کرتا تو اس کے خلاف فوراً کارروائی کی جاتی، لیکن چونکہ معاملہ وزیر اعلیٰ سے متعلق ہے اس لیے سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ کسی کو بھی قانون اور اخلاقیات سے بالاتر نہیں بناتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر نتیش کمار اس معاملے پر عوامی طور پر معافی نہیں مانگتے تو آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کی جانب سے ان کے خلاف احتجاجی قرارداد پیش کی جائے گی۔ مولانا یعسوب کے مطابق یہ صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ خواتین کے وقار اور مذہبی آزادی کا معاملہ ہے، جس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
مولانا یعسوب نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور واضح موقف اختیار کرے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوامی نمائندوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انہیں اپنے طرزِ عمل سے مثال قائم کرنی چاہیے
آپ کا تبصرہ