اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،امام خمینی میموریل ٹرسٹ، کرگل (ہندوستان) کو پہلے دو سالہ بین الاقوامی امام خمینی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ اس باوقار عالمی ایوارڈ کے برگزیدگان کا اعلان تہران میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جس کا اہتمام ایرانی وزارتِ ثقافت کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس تقریب میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، امام خمینیؒ کے پوتے آیت اللہ سید حسن خمینی، اعلیٰ سرکاری حکام، علما، دانشوروں اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد اور اداروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں عالمی امام خمینی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ہندوستان کے علاقے کرگل میں قائم امام خمینی میموریل ٹرسٹ کو معاشرتی خدمات، تعلیمی سرگرمیوں اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے پر اس عالمی اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ ادارہ طویل عرصے سے سماجی فلاح، تعلیم کے فروغ اور مختلف مذاہب و طبقات کے درمیان امن، برداشت اور باہمی احترام کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
عالمی امام خمینی ایوارڈ اُن افراد اور اداروں کو دیا جاتا ہے جو امام خمینیؒ کے افکار و تعلیمات کی روشنی میں انسانیت، عدل، وحدت اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کو یہ اعزاز ملنا نہ صرف ادارے بلکہ پورے خطۂ لداخ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ