15 جون 2025 - 14:19
مآخذ: ڈان نیوز
آپریشن یا علی ابن ابی طالب: ’اسرائیل پر جدید عماد، قدر، اور خیبر شکن میزائل فائر کیے گئے‘

عماد مکمل رہنمائی اور کنٹرول کی صلاحیت رکھتا ہے جب تک کہ وہ ہدف سے نہ ٹکرا جائے، اور یہ ایران کا پہلا انتہائی درست میزائل سمجھا جاتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے ایرو اسپیس ڈویژن نے ہفتہ کے روز ’آپریشن وعدہ صادق-3‘ کی تازہ ترین لہر کے دوران مختلف جدید میزائل سسٹمز تعینات کیے۔

باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ تازہ حملوں میں اسرائیلی مقبوضہ شہروں حیفا اور تل ابیب کو نشانہ بنانے کے لیے عماد، قدر، اور خیبر شکن میزائل فائر کیے گئے۔

عماد بیلسٹک میزائل، قدر کا جدید ورژن ہے، جس میں بہتر رہنمائی اور درستگی کی خصوصیات شامل ہیں، اور اسے پہلی بار 2015 کے آخر میں آزمایا اور فوجی خدمات میں شامل کیا گیا تھا۔

صہیونی ریاست کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی یہ نئی لہر ہفتہ کی شب شروع ہوئی، جو جمعہ کے روز شروع ہونے والے جوابی آپریشن کے اگلے مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے۔

یہ کارروائی ان دہشت گردانہ حملوں کے ردعمل میں کی جا رہی ہے، جو اسرائیل نے تہران سمیت مختلف ایرانی شہروں پر کیے، جن میں کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز، نیوکلیئر سائنسدان اور عام شہری بشمول بچے شہید ہوئے۔

یہ بے مثال فوجی آپریشن ’یا علی ابن ابی طالبؑ‘ کے کوڈ نام سے انجام دیا جا رہا ہے، جو عید الغدیر کی بابرکت مناسبت کے ساتھ موافق ہے۔

پاسداران انقلاب اسلامی کے عوامی رابطے کے شعبے نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ اس کے ایرو اسپیس ڈویژن نے صہیونی ریاست کی نئی جارحیت کے براہ راست ردعمل میں اس کارروائی کا آغاز کیا۔

بعض ذرائع ابلاغ نے تازہ ایرانی حملے کو مقبوضہ علاقوں کے خلاف ایرانی مسلح افواج کی جانب سے کیا جانے والا سب سے بڑا میزائل حملہ قرار دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha