بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | وزیراعظم پاکستان نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے تحفظات کے تحت تھیں، حملے آئی اے ای اے کے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل51 کے تحت ایران کو حق کا دفاع ہے۔
وزیراعظم نے امن کیلئے فوری مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کی بے بسی دیکھ کر خود میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی حملہ واضح ثبوت ہے کہ اسرائیلی حملوں کے پیچھے اصل محرک امریکہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے مقابلے میں اسرائیلی بے بسی دیکھ کر امریکہ خود میدان میں اترا۔
مسعود پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ ایرانی قوم بارہا ثابت کرچکی کہ وہ اپنی سر زمین کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایران کے لئے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں، ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایرانی صدر نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ یک جہتی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، حکومت اور پاکستان کے عوام بشمول عسکری قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیرِاعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر امت کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ