21 جون 2025 - 18:03
ایران پر صہیونی ریاست کی جارحیت پر عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، شیخ الازہر

شیخ الازہر نے صہیونیست حکومت کی اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جاری جارحیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور انسانی حقوق کی ان اعلانیہ خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر تنقید کی؛ اور خبردار کیا کہ یہ اقدامات خطے کو ایک وسیع البنیاد جنگ کے دہانے پر پہنچا سکتے ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق مسجد الازہر کے امام اکبر شیخ احمد الطیب نے غاصب و جارح اسرائیلی ریاست کی اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جاری جارحیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، شیخ الطیب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صہیونی ریاست خطے میں ایک وسیع جنگ بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے جس سے صرف اسلحہ فروشوں، خون کے سوداگروں (اور خونریزی سے فائدہ اٹھانے والوں) کے علاوہ کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔

انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر ایسے اقدامات جاری رہے تو مشرق وسطی ایک بڑے بحران کی طرف بڑھ سکتا ہے جس کے اثرات خطے کی سرحدوں سے بھی آگے تک پھیل سکتے ہیں۔

شیخ الازہر نے بین الاقوامی برادری کی اسرائیلی ریاست کے جارحانہ رویے پر عالمی خاموشی کو مورد تنقید ٹہرایا اور اسے جنگی جرائم میں معاونت کے مترادف قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا: عالمی اداروں کی طرف سے انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں اور صہیونی ریاست کی جارحیت کے خلاف مؤثر ردعمل کی کمی، عالمی امن اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داریوں سے غفلت کی عکاس ہے۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جبکہ مشرق وسطی کے کشیدہ حالات میں مسلسل شدت آ رہی ہے اور عالمی برادری نے صہیونی ریاست کے اقدامات اور بین الاقوامی سلامتی پر ان کے اثرات کے خلاف کوئی ٹھوس اور مؤثر ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha