بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ امریکی فضائیہ کے دو اسٹریٹجک B-52 بمبار طیارے، مارچ 1999 کی ایک صبح کے آخر میں، انگلینڈ کے گلوسٹرشائر علاقے میں واقع رائل ایئر فورس فیرفورڈ (Fairford) اڈے سے اڑ کر جنوب مشرق کی طرف روانہ ہوئے۔ سات دیگر طیارے بھی دو دو منٹ کے وقفے سے اڑے۔
یہ یوگوسلاویہ پر امریکہ اور نیٹو کی بمباری کا آغاز تھا؛ ایسا آپریشن جس کے دوران فیرفورڈ اڈہ امریکی بمبار طیاروں کے اڑان بھرنے کا مرکزی پلیٹ فارم اور لڑاکا طیاروں کے لئے ایندھن بھرنے کے اسٹیشن کا کردار ادا کرتا تھا۔
اس برطانوی اڈے نے 2003 کی عراق جنگ اور امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف مشترکہ جنگ کے ابتدائی مراحل میں ایک بار پھر یہی کردار ادا کیا۔
لیکن امریکہ نے اکتوبر 2026 میں اپنے تمام 12 B-1 لانسر بمبار طیارے گلوسٹرشائر کے اس اڈے سے باہر نکال لئے۔ امریکہ نے اعلان کیا کہ یہ اقدام ایران کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرے اور ان طیاروں کے تحفظ کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر عمل میں لایا گیا ہے۔
فیرفورڈ اڈہ واحد امریکی سہولت نہیں ہے جسے ایسی صورتحال کا سامنا ہؤا۔ امریکہ نے اسی مہینے کے اوائل میں برطانیہ کے ایک اور اڈے (رائل ایئر فورس میلڈن ہال) سے بھی 12 طیارے باہر واپس بلا لئے۔
تیسرا حصہ:
تاہم ایران کے خلاف جنگ نے اس بیانیے کو متنازعہ بنا دیا ہے اور ان وعدوں کے حقیقی مفادات ـ اور میزبان ملکوں کی سیکیورٹی کے لئے ـ امریکی افواج کی میزبانی کے اثرات و نتائج کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔
خلیج فارس کے علاقے میں ایران نے واضح طور پر امریکی اڈوں کی موجودگی کو میزبان ملکوں پر حملے کی وجہ قرار دیا اور قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین اور کویت کو اپنے جوابی حملوں کا نشانہ بنایا۔
ایران نے اردن اور عراق کو بھی، جو امریکہ کی اہم فوجی سہولیات کے میزبان ہیں، بمباری کا نشانہ بنایا۔
امریکی وزارت دفاع کے انسپکٹر جنرل نے ستمبر میں جو رپورٹ شائع کی، اس سے معلوم ہؤا کہ جنگ کے پہلے چار مہینوں میں ایران کے حملوں نے کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عراق، عمان اور اردن میں امریکی فوجی سہولیات کی سینکڑوں عمارتوں اور ڈھانچوں کو نقصان پہنچایا یا انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
سعودی عرب میں شہزادہ سلطان ایئر بیس پر حملے کے دوران کم از کم پانچ KC-135 ایندھن بھرنے والے طیارے متاثر ہوئے۔ ایک اور حملے میں کم از کم ایک ابتدائی انتباہ اور جاسوس طیارہ آواکس (Airborne early warning and control [AEW&C])، بھی تباہ کردیا جب وہ اس اڈے پر کھڑا تھا۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ان واقعات نے خلیج فارس اور یورپ میں امریکہ کے اتحادی ملکوں کو ایک مشکل سیکیورٹی دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے۔ امریکی افواج کی میزبانی ممکن ہے ان ملکوں کو ایسی جنگ کے انتقامی حملوں کا سامنا کرنے پر مجبور کر دے جس کے آغاز میں ان کا خود کوئی کردار نہیں تھا۔
غیر ملکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے میں ہمیشہ ان خطرات کا موازنہ ان متوقع حفاظتی ضمانتوں سے کرنا شامل رہا ہے جو یہ اڈے فراہم کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: رضا حسینی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ