اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے شہری بنیادی ڈھانچے پر امریکی حملے بین الاقوامی قانون اور انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہیں۔
ایروانی کے مطابق حالیہ حملوں میں صوبہ ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں پلوں، سڑکوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے اور نقل و حمل کا نظام متاثر ہوا۔
انہوں نے اپنے خط میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ان حملوں کو روکنے اور ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
ایروانی نے مزید کہا کہ اگر اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل مؤثر کارروائی میں ناکام رہتے ہیں تو ایران بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، عوام اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ