بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ گذشتہ دنوں ایران نے معاصر تاریخ کے عظیم ترین اجتماعات میں سے ایک کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ امامِ شہیدِ امت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تشییع جنازہ ایسے حالات میں کروڑوں افراد کی موجودگی میں انجام پائی کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت مختلف مواقع پر، اس قوم کی تاریخی استقامت کو یاد دلا رہی تھی۔
اس رپورٹ میں، گذشتہ تین دہائیوں میں امامِ شہیدِ امت کے بیانات اور سرکاری پیغامات کے ایک حصے کا دوبارہ جائزہ لیتے ہیں۔
• "میں اس قوم کے ہر ایک فرد پر اعتماد کرتا ہوں؛ اس عوامی حرکت پر اعتماد کرتا ہوں؛ میں سمجھتا ہوں کہ "يَدُ اللّهِ مَعَ الْجَماعَةِ" (خدا کا ہاتھ جماعت کے ساتھ ہے)۔ میرا عقیدہ ہے کہ یہ خدا کا ہاتھ ہے جو کام کر رہا ہے۔ 22 بہمن (11 فروری) کو دیکھیں، اس شدید سردی میں، ان مشکلات میں۔ یوم القدس کو دیکھیں، اس گرمی میں روزے کے ساتھ۔ لوگوں کو ان سڑکوں پر کون لاتا ہے؟ انہیں ان سڑکوں پر آنے سے کیا ملتا ہے؟ یہ خدا کا ہاتھ ہے۔ ہم خدا کو دیکھتے ہیں، ہم اس عوامی تحریک پر، اس عوامی احساس پر، اس عوامی سچائی اور بصیرت پر اعتماد کرتے ہیں۔" 9 اپریل 2021
• امامِ شہیدِ انقلاب نے تین سال بعد بھی اس مسلسل بیداری اور معاشرے کی عدم تھکاوٹ پر ایک اور تائید ثبت کر دی اور فرمایا:
"اس سال ملک کے بیشتر شہروں میں، مارچ کرنے والوں کی تعداد پچھلے سال اور پچھلے سالوں کے مقابلے میں زیادہ پرجوش اور مقدار کے لحاظ سے زیادہ تھی۔ یہ قوم بیدار ہے۔ یہ قوم پرجوش ہے۔ یہ قوم تھکی ہوئی نہیں ہے۔" 17 جون 2018
• مختلف مواقع پر عوام کی شعوری موجودگی ہمیشہ ملکی قیادت کی طرف سے سرکاری طور پر سراہی گئی ہے۔ انھوں نے آٹھویں صدارتی انتخابات کے بعد اپنے پیغام میں اس عوامی موجودگی کو غیر ملکیوں کے اندازے باطل کرنے کا باعث قرار دیا:
"آخرکار آپ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اسلامی ایران اپنی قوم کے عزم پر بھروسہ کرتے ہوئے، آزادی و خودمختاری اور غیر ملکیوں کے تسلط سے نجات کا راستہ ـ جو اسلام کا عظیم درس ہے، ـ مطلوبہ مقام تک طے کر سکتا ہے۔ میں خدائے متعال کے سامنے خشوع کے ساتھ اس عظیم قومی کامیابی و توفیق کا شکر ادا کرتا ہوں، اور ایران کی عظیم الشان قوم کے حضور تشکر و تحسین پیش کرتا ہوں۔" 9 جون 2001
• امامِ شہیدِ انقلاب نے ایک بار پھر سنہ 2000 کی دہائی میں مجلس خبرگان اور بلدیات کے بیک وقت انتخابات کے بعد، قوم کے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور فرمایا:
"میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایران کی قوم کو ایک اور بڑے امتحان میں سربلند کر دیا اور اس ملک کو ـ جو اسلام کی علمبرداری پر فخر کرتا ہے، ـ ایک بار پھر عظمت اور رعب بخشا۔ میں عزیز و حکیم خدا کے سامنے جھک کر اور پورے وجود کے ساتھ ایران کی عظیم قوم کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میں ضروری سمجھتا ہوں کہ ان تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کروں جنہوں نے اس بڑے امتحان میں کردار ادا کیا۔" 19 دسمبر 2006
• امامِ شہیدِ انقلاب نے آٹھویں پارلیمان کے انتخابات کے بعد ایک اور تاریخی پیغام میں، فرمایا:
"میں عجز و انکسار کے ساتھ، پورے وجود کے ساتھ حکیم و عزیز خدا کا شکر ادا کرتا ہوں اور دل سے آپ بزرگوار عوام کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے اللہ کی توفیق اور اپنے پختہ عزم کے ساتھ ایسا شاندار منظر رقم کیا اور اس سال کے آخر میں جس کو اسی نام سے موسوم کیا گیا تھا، قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ مجھے خاص طور پر عزیز نوجوانوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے جنہوں نے اعداد و شمار کے مطابق، اس اجتماعی شرکت کا بڑا حصہ اپنے کندھوں پر اٹھایا۔" 15 مارچ 2008
• امامِ شہیدِ انقلاب نے اپنے بیانات میں، مشکل موسمی حالات میں لوگوں کی استقامت کی پیشین گوئی کرتے ہوئے فرمایا تھا:
"میدان میں لوگوں کی موجودگی بہت اہم ہے۔ یوم القدس قریب ہے۔ دنیا یوم القدس میں لوگوں کی موجودگی دیکھے گی۔ اللہ کی توفیق سے، اس سال یوم القدس، اگرچہ لوگ روزہ دار ہیں اور موسم گرم ہے - روزے کے ساتھ پچھلے یوم القدس کی طرح - پچھلے سالوں کے یوم القدس سے زیادہ مضبوط اور پرجوش طریقے سے منعقد ہوگا۔" 4 جون 2018
• امامِ شہیدِ انقلاب نے مختلف طبقوں کے ساتھ عام ملاقات میں بھی، خاص طور پر ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو گرم موسم میں دور دراز کے علاقوں سے آئے تھے:
"بہت خوش آمدید عزیز بھائیو، عزیز بہنو؛ دور دراز شہروں سے، اس گرم موسم میں آپ نے مہربانی کی، آج اس حسینیہ کو آپ میں سے بہت سے لوگوں کے اخلاص کی روحانی روشنیوں سے روشنی ملی، یہ حسینیہ منور ہؤا میں یقین رکھتا ہوں کہ ان شاءاللہ اللہ کی قدرت کا ہاتھ اس قوم کی پشت پناہ ہے۔" 13 اگست 2018
• یہ جذباتی تعلق امامِ شہیدِ انقلاب کی زندگی کے آخری مہینوں تک جاری رہا۔ یہاں تک کہ انقلاب کی فتح کی سالگرہ کی ریلیوں کے بعد ٹیلی ویژن پیغام میں، آپ نے نے قوم کی استقامت پر اپنا آخری سرکاری تشکر اس طرح ادا کیا:
"11 فروری 2026 کو آپ نے ایک بڑا کام کیا۔ ایران کو سرفراز و سربلند کیا، ہمیشہ کی طرح اسلامی جمہوریہ کی حمایت کے ذریعے اس کی طاقت میں اضافہ کیا اور وہ دشمن جو اپنے بیانات اور منصوبہ بندیوں میں ایران کی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کے لئے کوشاں تھے، مایوس ہو گئے۔ میں پوری ایرانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور پورے ملک میں اس عظیم اور کروڑوں افراد پر مشتمل اجتماع میں موجودگی ہر ایک کو اپنا درود و سلام پیش کرتا ہوں۔" 12 فروری 2026
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تالیف: محترمہ فاطمہ زہرا نصر اللہی
ترجمہ: فرحت حسین مہدوی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ