اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، روس کے سینئر فوجی ماہر ولادیمیر پاپوف نے کہا ہے کہ ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جبکہ ایران کے گلابی رنگ کے ڈرونز ایک واضح سیاسی و عسکری پیغام رکھتے ہیں۔
روسی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہد 136 ڈرون کو گلابی رنگ میں پیش کرنا محض علامتی اقدام نہیں بلکہ ایک انتباہ ہے کہ ایران کسی بھی وقت اپنی عسکری صلاحیت استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے امریکی کارروائی کو بین الاقوامی سمندری قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حتیٰ کہ غیر اعلانیہ کشیدگی کے حالات میں بھی اس نوعیت کے اقدامات قابل قبول نہیں۔ پاپوف کے مطابق اس طرح کے واقعات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی بحریہ نے حساس علاقوں، خصوصاً آبنائے ہرمز کے قریب دباؤ بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کی جانب سے سخت اور غیر متوقع ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "سمندری قزاقی" اور "جارحیت" قرار دیا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ جنگ بندی معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے۔
آپ کا تبصرہ