اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،رہبر معظم انقلاب اسلامی،شہید سعید آیت اللہ العظمیٰ الامام سید علی حسینی خامنہ ای(قدس اللہ نفسہ الزکیہ) کی شہادت پر اہل بیت فاوٗنڈیشن انڈیا کے صدر حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید سرورعباس نقوی کا تعزیتی پیغام۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی،شہید سعید آیت اللہ العظمیٰ الامام سید علی حسینی خامنہ ای(قدس سرہ) نے اپنی پوری زندگی کو اسلام و مسلمین کی خدمت و ہدایت کے لئے وقف کردیا تھا،پیغام کا مکمل متن:
بسم الله الرحمن الرحیم
مِنَ المُؤمِنینَ رِجالٌ صَدَقوا ما عاهَدُوا اللَّهَ عَلَیهِ ۖ فَمِنهُم مَن قَضیٰ نَحبَهُ وَمِنهُم مَن یَنتَظِرُ ۖ وَما بَدَّلوا تَبدیلًا ﴿۲۳/احزاب﴾
آہ: رہبرمعظم انقلاب اسلامی، مرجع عظیم الشان جہان تشیع، سیدالشہدائے مقاومت، شہید سعید آیت اللہ العظمیٰ الامام سید علی حسینی الخامنہ ای(قدس سرہ) جو اس آیہ مبارکہ کے مصداق کامل تھے اور جنہوں نے اپنے پورے ایمان و ایقان کے ساتھ خدا کی بارگاہ میں اپنے عہد و پیمان پرعمل کرتے ہوئے اسلام و مسلمین جہان سے مربوط اپنی تمام ذمہ داریوں اورامت مسلمہ کی رہبری کو بنحواحسن ادا کیا،اور مملکت اسلامی ایران اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے حق میں ذمہ داریوں کی ادائیگی کی راہ میں جام شہادت نوش کرکے اپنے معبود حقیقی کی بارگاہ میں جا پہنچے۔
رہبرمعظم انقلاب، اپنے جد حضرت سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کی سیرت پرعمل کرتے ہوئے وقت کے یزید کے سامنے جھکے نہیں بلکہ پوری استقامت و صلابت اور سربلندی کے ساتھ اپنے حسینی عزم پر ڈٹے رہے اور دنیا کے شقی ترین فرد کی بیعت پر اپنی شجاعانہ شہادت کو ترجیح دی۔
"سر مل گیا حسین(ع) کا بیعت نہیں ملی"
آپ نے اپنی پوری زندگی کو اسلام و مسلمین کی خدمت و ہدایت کے لئے وقف کردیا تھا، آپ ہمیشہ امت مسلمہ کی بیداری اورمسلمانوں میں وحدت و استقامت کے استقرار کے لئے کوشاں رہے، اور پوری دنیا کے مظلوموں کی آواز بن کر ظلم کے خلاف جد وجہد کرتے رہے۔
جب ۲۰۰۸ میں اہل بیت(ع)فاوٗنڈیشن کی جانب سے قم میں "انسجام اسلامی کانفرنس" کے انعقاد کے بعد ہندوستان سے آئےہوئےکانفرنس کے مہمان مقررین کے ساتھ مجھ ناچیزکو بھی نزدیک سے رہبرمعظم انقلاب کی زیارت اور ان کی دست بوسی کا شرف حاصل ہوا۔ تو اس وقت بھی آپ نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد وانسجام کے نفاذ کے لئے سعی و تلاش کی ہدایت فرمائی۔
آپ کی شہادت امت مسلمہ کے لئے نا قابل تلافی نقصان ہے، لیکن اب انکے غمناک فقدان پران کے بتائے ہوئے راستوں پر گامزن رہنا، اور آپسی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے یزید وقت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے رہنا، اور نومنتخب رہبرمعظم انقلاب، ولی امرمسلمین جہان حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی پیروی اورمعظم لہ کی ہدایات پرعمل کرنا امت مسلمہ کا عینی فریضہ ہے۔
رہبرمعظم انقلاب کی شہادت کے المناک موقع پرہم اہل بیت(ع)فاوٗنڈیشن کے اراکین غمزدہ دلوں اور خون آلود آنکھوں سے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف،مراجع عظام،علمائے کرام اورایران کی شہید پرورقوم،ان کے فرزندان محترم بالخصوص انقلاب اسلامی کے منتخب رہبرعظیم الشان حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی اور دنیا کے تمام مسلمانوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
اور رہبر جدید انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی کے شایستہ انتخاب پر امت مسلمہ کو تبریک پیش کرتے ہیں اور انکی بیعت و پیروی کا اعلان کرتے ہیں۔
اور آخر میں دعا کرتے ہیں کے خداوند متعال ہم سب کو شہید رہبرانقلاب کی راہ استقامت کو زندہ رکھنے اوران کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور منتخب رہبرمعظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی حفاظت فرمائے۔
والسلام علی عبادالله الصالحین
سید سرورعباس نقوی
اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن ہند،شعبہ قم المقدسہ،ایران۔
،رہبر معظم انقلاب اسلامی،شہید سعید آیت اللہ العظمیٰ الامام سید علی حسینی خامنہ ای(قدس اللہ نفسہ الزکیہ) کی شہادت پر اہل بیت فاوٗنڈیشن انڈیا کے صدر حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید سرورعباس نقوی کا تعزیتی پیغام۔
آپ کا تبصرہ