عراقچی کا اپنے قطری ہم منصب کے نام پیغام
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے نام ایک مکتوب پیغام ارسال کیا ہے۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "قنا" کے مطابق یہ پیغام مجید تخت روانچی، نائب وزیرِ خارجہ ایران، نے دوحہ کے سرکاری دورے کے دوران قطری وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور محمد بن عبدالعزیز الخلیفی کو پہنچایا۔ پیغام کا محور دوطرفہ تعلقات اور اُن کے فروغ کے پہلو تھے۔
دوحہ میں روانچی اور الخلیفی کے درمیان ملاقات میں ایران–قطر تعلقات کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، غزہ اور فلسطین کی موجودہ صورتحال خصوصاً جنگ بندی کے تناظر میں علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل بھی وزیرِ خارجہ ایران سید عباس عراقچی اور قطری وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبداللہ آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کردہ حالیہ مسودۂ قرارداد پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق بالخصوص حقِ خود ارادیت کے دفاع کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ