سعودی عرب میں خوفناک سڑک حادثہ، مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جارہے 42 بھارتی عمرہ زائرین کی موت
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مکہ سے مدینہ جا رہی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا کر آگ کے گولے میں تبدیل ہوگئی جس کی وجہ سے 42 مسافر ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے میں صرف ایک زائر زندہ بچ سکا ہے۔ زائرین کی بڑی تعداد کا تعلق تلنگانہ سے تھا۔ حکومت تلنگانہ نے کنٹرول روم قائم کر دیا اور اہل خانہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔
سعودی عرب میں ایک دل خراش سڑک حادثے میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کم از کم 42 بھارتی عمرہ زائرین ہلاک ہوگئے ہیں۔ پیر کی علی الصبح مکہ سے مدینہ جانے والی ایک بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح 1:30 بجے (IST) مفریحات کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بس میں 43 مسافر سوار تھے جن میں صرف ایک زندہ بچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ قافلہ مبینہ طور پر حیدرآباد سے روانہ ہوا تھا اور ان میں 20 خواتین اور 11 بچے شامل تھے۔ تمام زائرین مکہ میں عمرہ کی ادائیگی مکمل کر کے مدینہ کی سمت روانہ ہوئے تھے۔
متعدد خاندان اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ اسی کے پیش نظر حکومتِ تلنگانہ نے سکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ اہل خانہ ان نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں:
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ اور ڈی جی پی شیودھر ریڈی کو ہدایت دی کہ حادثے میں متاثرہ حیدرآباد اور دیگر اضلاع کے لوگوں کی مکمل تفصیلات جمع کی جائیں۔
مقامی سعودی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت کئی مسافر سو رہے تھے، جس کی وجہ سے آگ بھڑکنے کے بعد ان کے بچنے کے امکانات نہایت کم ہو گئے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 خواتین اور 10 بچے شامل ہو سکتے ہیں، تاہم حتمی اعداد و شمار کی تصدیق جاری ہے۔
تلنگانہ حکومت نے کہا ہے کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ دہلی میں مقیم حکام کو بھی معاملے پر قریبی ہم آہنگی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ریذیڈنٹ کمشنر کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت اور تعداد سے متعلق مکمل معلومات اکٹھی کریں۔ سفارت خانے کی جانب سے بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کنٹرول روم نمبرز جاری کیے گئے ہیں
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہا کہ حادثے کے وقت بس میں 42 عمرہ زائرین موجود تھے جب اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ابو ماتھن جارج سے مسلسل رابطے میں ہیں، جنہوں نے حادثے کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کی عمرہ ایجنسیوں کے تقریباً 16 زائرین بھی اس افسوسناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اویسی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو وطن واپس لانے کا بندوبست کیا جائے۔
آپ کا تبصرہ