12 اگست 2025 - 20:50
مآخذ: ڈان نیوز
لوگ زیارات کیلئے پیدل جائیں گے، بے شک انہیں جان سے مار دیں، علامہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ سال میں دس لاکھ سے زائد لوگ زیارات کے لئے جاتے ہیں، لوگ پیدل جائیں گے، بے شک آپ انہیں جان سے مار دیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سینیٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ سال میں دس لاکھ سے زائد لوگ زیارات کے لئے جاتے ہیں، سیکیورٹی کے نام پر بے جا گرفتاریاں ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ پیدل چل کر جانا بدعت ہے، لوگ پیدل جائیں گے، بے شک آپ انہیں جان سے مار دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کے نام شیڈول فور میں ڈالے جارہے ہیں، ہم نے بیس ہزار سے زائد جنازے اٹھائے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پانی کی سبیل لگانے والوں پر دہشتگردی کے مقدمات کاٹے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ 27 جولائی کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ زائرین کو اس سال بذریعہ سڑک ایران و عراق جانے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ زائرین فضائی سفر کرسکیں گے۔
انہوں نےکہا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی باہمی مشاورت کے بعد اور یہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفط اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین نے زیارات کے لئے بذریعہ سڑک جانے پر پابندی کو مسترد کردیا تھا، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا تھا کہ کربلا زیارات پر جانا ہمارے ایمان کاحصہ ہے، ہم اپنے عقیدتی فریضے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے، حکومت نے ایران میں زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹنگ کی تھی اور زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ دیا تھا۔
چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا تھا کہ زائرین کے زمینی راستے سے جانے پر پابندی سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، حکومت کو زائرین کے زیارات پر جانے سے معاشی فائدہ ہوتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha