18 ستمبر 2026 - 13:21
امریکہ باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خارج

امریکہ نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے اپنا نام اس وقت واپس لے لیا جب اس کونسل کی ایک آزاد تحقیقاتی ٹیم نے صرف ایک دن پہلے یہ بتایا تھا کہ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ ایران کے جنوب میں واقع میناب میں ایک پرائمری اسکول پر حملہ کرکے ـ ممکنہ طور پر ـ جنگی جرم کا مرتکب ہؤا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || امریکہ نے جمعرات کی شام اعلان کیا کہ اس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اپنی رکنیت اور شرکت باضابطہ طور پر ختم کر دی ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے اس کونسل پر الزام لگایا کہ وہ مبینہ طور پر "امریکہ مخالف بیان بازی" کو فروغ دے رہی ہے اور ان حکومتوں کے سامنے نرم رویہ اختیار کر رہی ہے جن پر عوام کو کچلنے کا الزام ہے۔

امریکہ کا یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے آزاد تحقیقاتی گروہ کی ایران کے بارے میں رپورٹ شائع ہونے کے ایک دن بعد اعلان کیا گیا۔

اس ٹیم نے کہا تھا کہ "معقول وجوہات" موجود ہیں کہ امریکی افواج ایران میں دو حملوں کی ذمہ دار ہیں، جن میں میناب کے شجرہ طیبہ اسکول اور لامرد کے ایک اسپورٹس کمپلیکس پر حملے شامل ہیں، اور ان حملوں کو جنگی جرم قرار دیا جا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم نے اعلان کیا کہ یہ اسکول ایک غیر فوجی عمارت تھی جو واضح طور پر پہچانی جا سکتی تھی اور ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے ثابت ہو کہ حملے کے وقت اسے فوجی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔

وائٹ ہاؤس اس سے پہلے بھی اقوام متحدہ کے کئی اداروں سے امریکہ کے انخلا کا حکم جاری کرتے ہوئے اعلان کر چکا تھا کہ واشنگٹن کا مستقبل میں انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کے لئے امیدوار بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

امریکہ نے ایسے وقت میں انسانی حقوق کونسل سے انخلا کا اعلان کیا ہے کہ جب یہ کونسل جنیوا میں اپنا 63 واں عام اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ یہ اجلاس 7 ستمبر کو شروع ہؤا اور 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

اس فیصلے کے ساتھ ساتھ واشنگٹن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف مالی دباؤ کی پالیسی جاری رکھے گی۔

اسی سلسلے میں امریکی وزارت خزانہ نے ایرانی کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم "بٹ بینک" کے خلاف پابندیاں عائد کر دیں۔

امریکی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ادارے نے کروڑوں ڈالر کے بٹ کائن سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو منتقل کئے اور امریکی پابندیوں کو بائی پاس کیا!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha