اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ نجف کی انتظامیہ نے زیارتِ اربعین کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی، خدمات، صحت اور امدادی اداروں کو لاکھوں زائرین کی خدمت، تحفظ اور ان کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان احمد الفتلاوی نے بتایا کہ اربعین پلان کے تحت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی افرادی قوت، آلات اور سہولیات کو مکمل طور پر متحرک کریں تاکہ زائرین کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں اور نجف سے کربلا کی جانب ان کی روانہ نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اعلیٰ اربعین کمیٹی کے سربراہ عماد الجزائری کی براہِ راست نگرانی میں نافذ کیا جا رہا ہے اور مختلف اداروں کے درمیان زمینی سطح پر مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی گئی ہے۔
نجف پولیس کمانڈ نے دیگر صوبوں سے آنے والی اضافی فورسز اور سرحدی محافظ دستوں کے تعاون سے صوبے کے داخلی راستوں کی سیکیورٹی، زائرین کی نقل و حرکت کی تنظیم اور ان کے داخلے و اخراج کو سہل بنانے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ، ٹریفک پولیس، انٹیلی جنس و سیکیورٹی ادارے، الحشد الشعبی اور امام علیؑ بریگیڈ بھی مربوط منصوبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ امدادی مراکز کی استعداد بڑھانے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ اربعین کے موقع پر زائرین کو محفوظ اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
آپ کا تبصرہ