اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو برطانیہ کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے جاری کردہ وارنٹِ گرفتاری کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، صادق خان نے چینل 4 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2024 میں آئی سی سی کی جانب سے نیتن یاہو کے خلاف جاری کیے گئے وارنٹ پر عمل درآمد برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری ضروری ہے اور جنگی جرائم یا نسل کشی کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
لندن کے میئر نے کہا کہ اگر نیتن یاہو برطانیہ آتے ہیں تو وہ مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے کہ عدالت کے فیصلے پر مکمل عمل کیا جائے۔ ان کے بقول، ایسے افراد کے لیے لندن میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے جن پر سنگین بین الاقوامی جرائم کے الزامات ہوں۔
دوسری جانب، برطانیہ میں اسرائیلی سفارت خانے نے صادق خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب سے متجاوز قرار دیا اور ان کے مؤقف پر اعتراض کیا۔
رپورٹس کے مطابق، غزہ جنگ کے آغاز کے بعد یہ نیتن یاہو کے حوالے سے صادق خان کا اب تک کا سب سے سخت عوامی مؤقف سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس سے قبل بھی غزہ میں فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ