1 جنوری 2026 - 00:57
ایران کے خلاف پابندیوں کے میکانزم کی بحالی روک دیں گے، روس

ایک روسی سفارتکار نے بدھ کے روز زور دے کر کہا کہ یورپیوں کو قرارداد 2231 پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ٹریگر میکانزم فعال کرنے کا حق حاصل نہیں ہے اور ہم اس کی بحالی کی یورپیوں کی کوشش کا سد باب کریں گے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || یورپی تنظيم برائے سلامتی و تعاون میں (OSCE) روس کے نئے مستقل مندوب دمتری پولیانسکی نے خبر رساں ادارے تاس کے ساتھ انٹرویو میں اعلان کیا کہ یورپی ٹرائیکا (برطانیہ، جرمنی اور فرانس) سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف ٹریگر میکانزم فعال کرنے اور پابندیاں بحال کرنے کا حق کھو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف سابقہ پابندیوں کے طریقہ کار کو دوبارہ قائم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گا۔

یاد رہے کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے 27 ستمبر کو، جوہری معاہدے سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر الگ ہونے کا تذکرہ کئے بغیر، دعویٰ کیا کہ انہوں نے ٹریگر میکانزم (اسنیپ بیک) کو فعال کر دیا ہے! تاہم ایران، چین اور روس نے پابندیوں کی واپسی کا میکانزم غیر قانونی قرار دیا اور زور دیا کہ قرارداد 2231 مقررہ وقت پر ختم ہو چکی ہے اور دنیا کے ممالک پابندیاں نافذ کرنے کے پابند نہیں ہیں۔

پولیانسکی نے اس بارے میں کہا: "ہمارے لئے، اسنیپ بیک نامی کوئی چیز موجود نہیں ہے، سوائے شاید ایک متوازی حقیقت کے جسے یورپی ٹرائیکا قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق عمل کرتے ہیں جس کے تحت برطانیہ، فرانس اور جرمنی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اسنیپ بیک کے اپنے حق سے محروم ہو گئے ہیں۔"

اس سینئر روسی سفارتکار نے مزید کہا: "مذکورہ حقائق کی رو سے، ہمارے لئے بھی اور ہمارے ہم خیال ممالک کے لئے بھی قرارداد2231 مورخہ 18 ستمبر 2025 کو ختم ہو چکی ہے۔ نتیجتاً، ہم سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف سابقہ پابندیوں کے طریقہ کار کو دوبارہ قائم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کریں گے۔"

پولیانسکی نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ روس کو اس پالیسی پر عمل درآمد کے لئے "کسی نئے پہل" کی ضرورت نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha