وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے قطر کے امیر سے کی ملاقات ، بھارت قطر تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر دیا زور
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اور بھارت کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے امیر کو پرتپاک نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’’دوحہ میں آج قطر کے امیر ہز ہائینس شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کرکے اعزاز محسوس کیا۔ وزیر اعظم مودی کی گرم جوشی سے پر مبارکبادیں پہنچائیں اور بھارت۔قطر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ تعاون بڑھانے اور نئے مواقع کی تلاش پر ان کی رہنمائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔‘
وزیر خارجہ جے شنکر نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں سمیت اسٹریٹجک شراکت داری سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں جے شنکر نے لکھا کہ ’’دوحہ میں قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ مشرق وسطیٰ/مغربی ایشیا اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کی قدر کرتا ہوں۔‘‘
قطر کی وزارتِ خارجہ نے ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کا مرکز دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا رہا۔ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد معاملات پر بھی غور کیا۔اس سے پہلے اکتوبر میں مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے دوحہ میں قطر کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ تجارت احمد بن محمد السید سے ملاقات کی تھی اور بھارت۔قطر اقتصادی تعاون سے متعلق امید کا اظہار کیا تھا۔ بھارت اور قطر کے درمیان تاریخی تجارتی تعلقات اور عوام کے درمیان مضبوط رابطوں کے باعث نزدیکی رشتے قائم ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات 1973 میں قائم ہوئے تھے۔ بھارتی سفارت خانے کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات اور باقاعدہ رابطوں کی وجہ سے مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اس سال فروری میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے بھارت دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کے درجے تک بلند کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ