8 اکتوبر 2025 - 09:36
مآخذ: ابنا
طوفان الاقصی کی دوسری سالگرہ پر کراچی میں عظیم الشان ریلی،اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے گونج اٹھے

 فلسطین کے مظلوم عوام اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطین کے مظلوم عوام اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مسلم دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس اور فلسطینی مزاحمت کی بھرپور حمایت کریں۔

ریلی سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے مرکزی خطاب کیا۔ انہوں نے حماس کی جانب سے ٹرمپ منصوبے کو مسترد کرنے کو ایک بہادرانہ، باوقار اور پرامن فیصلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک قابض اور غاصب ریاست ہے، اور پاکستان میں اس کے ساتھ کسی بھی قسم کی مفاہمت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے امریکہ اور یورپ کی منافقت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مغربی طاقتیں اسرائیل کے مظالم میں برابر کی شریک ہیں۔ حافظ نعیم نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام اور مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ہر اس سازش کو مسترد کریں جو فلسطین کے کاز کو کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہو۔

ریلی میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔واضح رہے کہ یہ ریلی "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کی دوسری سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوئی، اور 7 اکتوبر کو پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے اور ریلیاں متوقع ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha