اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کراچی کی شاہراہ قائدین پر جمعرات کو جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام "بچوں کا غزہ مارچ" منعقد ہوا، جس میں ہزاروں بچوں اور اسکول کے طلبہ نے شرکت کی۔ بچے فلسطینی پرچم اور سفید کفن اٹھائے ہوئے تھے، جو غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کی علامتی نمائندگی کر رہے تھے۔ اس موقع پر طلبہ نے ٹیبلو پیش کیے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے نظمیں پڑھیں۔
ایک طالبہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے اور وہ فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہارِ اتحاد کے لیے اس مارچ میں شریک ہوئی ہیں۔ ایک اور طالب علم نے کہا: "ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی بچے اکیلے نہیں، ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔"
شرکا نے فلک شگاف نعرے لگائے جن میں "دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا" اور "پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ" شامل تھے۔ مقررین نے اسرائیلی جارحیت کو کھلی بربریت قرار دیا اور عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر، حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا عراق اور افغانستان میں لاکھوں افراد کے قتل عام کا ذمہ دار ہے اور اب بھی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کر کے غزہ میں نسل کشی کی حمایت کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ