2 اکتوبر 2025 - 09:46
مآخذ: ابنا
پاکستان اور ایران کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف انٹیلیجنس تعاون بڑھانے پر اتفاق

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران اور پاکستان نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور خفیہ معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیشرفت اسلام آباد میں ایرانی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ کمانڈر ایرج کاکاوند اور پاکستانی انسداد منشیات فورس (ANF) کے کمانڈر میجر جنرل عبدالمعید کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے منشیات کے خلاف جنگ میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے، سرحدی چیلنجز سے نمٹنے، اور بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کی سرکوبی کے لیے مشترکہ انٹیلیجنس اور آپریشنز کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران-پاکستان سرحد پر منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ، مشترکہ آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنایا جائے گا۔

ایرانی وفد نے اسلام آباد میں انسداد منشیات کی اکیڈمی، وزارت داخلہ و انسداد منشیات، کراچی میں بحالی مرکز، اور بندرگاہ پر کنٹرول یونٹ کا بھی دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پاکستان کے انسداد منشیات کے اقدامات، بحالی پروگراموں اور پیشہ ورانہ تربیت سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔

کمانڈر کاکاوند نے منشیات کے خلاف پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ایران پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں تعاون کو مزید فروغ دے کر خطے کو منشیات سے پاک اور محفوظ بنایا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha