30 جولائی 2025 - 04:28
پاکستان: زمینی سفر پر پابندی فوری طور پر ختم کی جائے، آیت اللہ سیدریاض حسین نجفی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ نے زمینی سفر پر حکومت پاکستان کی طرف سے پابندی کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ ایسے اقدامات عوامی ناراضگی اور احتجاج کا باعث بن سکتے ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے ایران اور عراق کے زمینی سفر پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی اور اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے زور دے کر کہا: زائرین پورا سال اربعین کے سفر اور امام حسین(ع) کی زیارت کی تیاری کرتے ہیں۔ اربعین کے دن زیارت کی بہت اہمیت ہے اور اس پر بہت تاکید ہوئی ہے، لہٰذا حکومت کو عقل مندی سے کام لینا چاہئے۔ ایک ایسے ملک میں جو پہلے ہی کئی مسائل اور چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، نیا مسئلہ کھڑا کرنا صرف عوامی احتجاج کو ہوا دے گا۔

آیت اللہ نجفی نے مزید کہا: ہر سال لاکھوں افراد پاکستان سے 'نجف سے کربلا تک اربعین کی پیدل زیارت' کے لئے سفر کرتے ہیں اور یہ ایک عظیم عوامی تحریک ہے۔ زمینی سفر پر پابندی نہ صرف افسوسناک اقدام ہے بلکہ حکومت کی نااہلی کا ثبوت بھی ہے۔

انہوں نے کہا: حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے لئے سیکیورٹی اور سفر کے راستوں کو آسان بنائیں۔ ہمیں اپنے سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ وہ زائرین کی حفاظت یقینی بنا سکتے ہیں۔

پاکستان کے اس نامور شیعہ عالم دین نے کہا: زیارتی قافلے روانگی کے لئے تیار ہیں، زائرین کے ویزے جاری ہو چکے ہیں، تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور بہت سے زائرین کے پاس ہوائی سفر کا خرچ برداشت کرنے کی استطاعت نہیں ہے۔ قافلوں کے منتظمین نے اپنی گاڑیاں تیار کر لی ہیں، اجازت نامے حاصل کر لئے ہیں، اخراجات ادا کر دیے گئے ہیں۔ لہٰذا ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لے اور پہلے کی طرح زمینی سفر کی اجازت دے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ نے حال ہی میں تہران میں "اربعین کا سفر آسان بنانے کے لئے سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کی تھی اور یقین دلایا تھا کہ وہ پاکستانی زائرین کے لئے سفر کو آسان بنائیں گے؛ اور ان ہی کی درخواست میں ایران نے پاکستانی زائرین کو اربعین کے موقع پر مفت ویزا جاری کرنے کا وعدہ دیا؛ اور اب جبکہ بہت سے زمینی قافلے کوئٹہ یا حتی کہ سرحدوں پر پہنچے ہیں، پاکستانی حکومت نے زمینی سفر پر پابندی لگائی ہے!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha