26 اگست 2026 - 16:18
شیعہ و سنی کے درمیان نفرت پیدا کرنے والے عناصر امتِ مسلمہ کے خیرخواہ نہیں:مجلس وحدت پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر حجۃ الاسلام حیات عباس نجفی نے کہا ہے کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان نفرت اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر امتِ مسلمہ کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، جبکہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا سب سے زیادہ نقصان عام مسلمانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر حجۃ الاسلام حیات عباس نجفی نے کہا ہے کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان نفرت اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر امتِ مسلمہ کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، جبکہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا سب سے زیادہ نقصان عام مسلمانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔

حیات عباس نجفی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں ’’ہفتۂ وحدت‘‘ کے انعقاد کا مقصد صرف ایک مذہبی پروگرام منانا نہیں بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد، محبت، رواداری اور مشترکہ اسلامی شناخت کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے باہمی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے مشترکہ اقدار اور اسلامی اصولوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مجلس وحدت مسلمین نے اعلان کیا کہ کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں اہلِ سنت برادری کی جانب سے منعقد ہونے والی میلاد النبی ﷺ کی ریلیوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کریں گے، جہاں شرکائے میلاد کے لیے پانی اور نذورات کا انتظام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام محض رسمی نہیں بلکہ اس بات کا عملی اظہار ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ تمام مسلمانوں کے نبی ہیں اور آپ ﷺ سے محبت امت کو متحد کرنے والی سب سے بڑی قوت ہے۔

حیات عباس نجفی نے خبردار کیا کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر دراصل اسلامی معاشرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کے مطابق فرقہ واریت کی آگ سے عام مسلمان، مساجد، امام بارگاہیں، مدارس، بازار اور رہائشی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علما سے اپیل کی کہ اختلافات کو علمی اور باوقار دائرے تک محدود رکھا جائے اور تکفیر، توہین، نفرت انگیزی اور مذہبی جذبات کو بھڑکانے سے گریز کیا جائے۔

حیات عباس نجفی نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو اختلافِ رائے کے باوجود باہمی احترام اور اتحاد کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ یہی رویہ پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کو فرقہ وارانہ کشیدگی سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha