اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکام اور آبادکار توراتی تہواروں اور مذہبی مناسبتوں کو جواز بنا کر مسجد اقصیٰ پر حملوں اور اشتعال انگیزی میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزراء، اعلیٰ حکام اور کنیسٹ کے ارکان خود ان کارروائیوں میں پیش پیش ہیں تاکہ ان اقدامات کو سیاسی اور قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
شیخ عکرمہ صبری نے واضح کیا کہ آبادکاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد یا اسرائیلی حکومت کی سرکاری حمایت سے مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کا کوئی حق یا قانونی حیثیت قائم نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ اور سلوان کے علاقے کے نیچے جاری کھدائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں سے مسجد کی بنیادیں خطرے میں پڑ رہی ہیں اور اس کے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔
خطیب مسجد اقصیٰ کے مطابق اسرائیل ایک ایسے مرحلے تک پہنچنا چاہتا ہے جہاں مسجد کا کوئی حصہ بظاہر کسی قدرتی وجہ، جیسے زلزلے یا دیگر حادثے، کے باعث گر جائے، تاکہ بعد میں اس واقعے کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے اسے قدرتی سانحہ قرار دیا جا سکے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری اقدامات کا فوری نوٹس لے اور اس مقدس مقام کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرے۔
آپ کا تبصرہ