30 جون 2026 - 13:07
مآخذ: ابنا
امریکی وفد سے آئندہ دنوں کوئی مذاکرات طے نہیں، ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران امریکہ کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران امریکہ کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندوں کا قطر کا دورہ ایرانی وفد کے دورے سے متعلق نہیں ہے۔ ان کے مطابق ایرانی ماہرین پر مشتمل ایک وفد رواں ہفتے دوحہ جائے گا تاکہ مفاہمتی یادداشت، بالخصوص شق 11 پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

بقائی نے بتایا کہ مفاہمتی یادداشت کی شق 10 کے تحت ایران کے تیل کی فروخت سے متعلق ضروری امریکی اجازت نامے جاری کیے جا چکے ہیں اور ان پر عملدرآمد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شق 11 کے تحت ایران کے منجمد اثاثوں کی رہائی کا عمل بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات ابھی شروع نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کی شق 13 کے تحت حتمی مذاکرات کا آغاز اس وقت ممکن ہوگا جب شق 1، 4، 5، 10 اور 11 پر عملدرآمد شروع ہو جائے اور اس کا تسلسل برقرار رہے۔

انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ قطر میں ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان کسی ملاقات کا امکان ہے، اور کہا کہ فی الحال ایسا کوئی اجلاس یا مذاکراتی عمل ایجنڈے میں شامل نہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha