28 جون 2026 - 17:35
اسرائیلی فوج کی درعا کے مضافات میں زمینی دراندازی، کئی شامی شہری شہید

اسرائیلی فوج نے جنوبی شام میں زمینی کارروائی کا اعتراف کرتے ہوئے متعدد مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ شامی ذرائع نے فوج کی مزید پیش قدمی کی اطلاع دی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے شام کے صوبہ درعا کے مضافاتی علاقوں میں اپنی زمینی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی شام میں اس کے بقول "سکیورٹی زون" کے اندر کارروائی کے دوران متعدد مسلح افراد کو ہلاک کیا گیا۔ دوسری جانب شامی ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی فوج کی مزید پیش قدمی کی اطلاع دی ہے۔

شامی سرکاری ٹی وی الاخباریہ کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج کا ایک دستہ چھ بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ تل ابوالغیثار کراسنگ کے راستے وادی الرقاد میں داخل ہوا اور پیش قدمی کرتے ہوئے مغربی درعا کے علاقے حوض الیرموک میں واقع گاؤں جملہ تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے علاقے میں داخل ہونے کے بعد سریۃ الوادی نامی فوجی چوکی میں اپنی پوزیشنیں قائم کر لیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا ایک اور دستہ تل المغر پر تعینات کیا گیا، جہاں اس نے اسنائپر اہلکاروں اور لیزر سرچ لائٹس کی مدد سے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ اسی مقام سے اسرائیلی فوج نے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے قریبی زرعی اراضی پر بھی فائرنگ کی۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب صرف دو روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے گاؤں جملہ میں اسی نوعیت کی دراندازی کی تھی۔ اس کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجی رہائشی علاقوں میں داخل ہوئے تھے اور گاؤں کے اطراف فوجی نقل و حرکت کی تھی، جسے جنوبی شام میں اسرائیلی فوج کی مسلسل بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha