اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان سے اسرائیلی افواج کے غیر مشروط انخلا کے لیے واضح اور فوری ٹائم لائن مقرر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کی عزت و سلامتی کا تحفظ کسی بھی پائیدار معاہدے کی بنیادی شرط ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں، امریکہ کی ثالثی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدے اور جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بقائی نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو ناگزیر سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے 19 فروردین کے جنگ بندی معاہدے اور 28 خرداد 1405 کی جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت، دونوں میں لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے مکمل خاتمے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا تھا اور اب بھی ان شقوں پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کر رہا ہے۔
بقائی کے مطابق، جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق، یعنی لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ اور تمام مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا، خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے لازمی شرط ہے۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ امریکہ، جس نے مفاہمتی یادداشت کے تحت بعض ذمہ داریاں قبول کی ہیں، اسے اسرائیل کو لبنان کے خلاف ہر قسم کی فوجی کارروائی روکنے اور مقبوضہ علاقوں سے غیر مشروط انخلا پر آمادہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا چاہییں۔ انہوں نے اس انخلا کے لیے جلد از جلد ایک واضح وقتی شیڈول (ٹائم لائن) کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ