27 جون 2026 - 18:56
پاکستان میں عزاداران پر حملوں کی مذمت، شیعہ علماء کونسل کا سخت ردعمل

رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے ہنگو میں محرم کی مجالس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے ہنگو میں پیش آنے والے حالیہ پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؑ کے عزاداروں کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت اقدام ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہنگو کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حالیہ حملوں نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان کے مطابق بعض عناصر جدید ہتھیاروں بشمول ڈرون اور میزائلوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ادارے مؤثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

آیت اللہ نقوی نے کہا کہ ہنگو میں متعدد مقامات پر میزائل حملے کیے گئے اور ڈرون کے ذریعے بھی کارروائیاں کی گئیں جن کا مقصد محرم الحرام کی مجالس اور عزاداری کو نشانہ بنانا تھا۔

انہوں نے ان حملوں کو نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ قرار دیا بلکہ اسے مذہبی آزادی، امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی پر حملہ بھی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محرم کے ایام میں اس طرح کی کارروائیاں انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے ہنگو میں محرم کی مجالس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha