اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || انفینٹینو کی جانب سے شفاف معیار کے بغیر ٹرمپ کو خود ساختہ 'فیفا پیس پرائز' دینے کی وجہ سے، آج (بدھ) "دی ایتھلیٹک" میگزین میں افشا ہونے والے ایک 8 صفحاتی بیان کے مطابق، لندن میں انسانی حقوق کی تنظیم "فیئراسکوائر" (FairSquare) کی طرف سے فیفا کے صدر کے خلاف ایک شکایت درج کی گئی ہے۔

انفینٹینو پر 'فیفا کے غیرجانبدارانہ سیاسی قوانین' کی 'بار بار خلاف ورزی' کا الزام ہے - ایک ایسا قانون جو فیفا کے اخلاقی ضابطے کے آرٹیکل 15 کے تحت نافذ العمل ہے اور متعلقہ افراد کو "حکومتی اداروں سے تعامل میں مکمل سیاسی غیر جانبداری" کا پابند بناتا ہے۔
فیفا پیس پرائز، جو پہلی بار گذشتہ ہفتے 5 دسمبر 2025 کو واشنگٹن ڈی سی میں، امریکی صدر ٹرمپ کو دیا گیا، کسی شفاف عمل، نامزدگیوں، ججوں یا فیفا کونسل (تنظیم کی اہم گورننگ باڈی) کے مشورے کے بغیر وضع کیا گیا۔ دنیا بھر کے متعدد ذرائع نے اس انعام کو انفینٹینو کی "ناگہانی ایجاد" قرار دیا تاکہ ٹرمپ کو، جو نوبل پیس پرائز حاصل کرنے کی کوشش میں ناکام رہے تھے، ایک "متبادل" پیش کیا جا سکے۔
اب "دی ایتھلیٹک" (The Athletic) نے فیئراسکوائر کی شکایت کی تفصیلات افشا کی ہیں اور لکھا ہے کہ فیفا کے صدر نے قانون کی 4 واضح خلاف ورزیاں کی ہیں:
1۔ ٹرمپ کے لئے نوبل امن انعام کی عمومی لابنگ (اکتوبر 2025): انفنٹینو نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا: "ٹرمپ یقینی طور پر نوبل پیس پرائز کے مستحق ہیں۔" اس اقدام کو، ـ جسے فیئراسکوائر نے "براہ راست لابنگ" قرار دیا ہے، ـ نے فیفا کو ٹرمپ کا حامی کے طور پر متعارف کرایا ہے [جو درست بھی ہے]۔
2۔ ٹرمپ کی افتتاحی تقریب کے دن کی انسٹاگرام پوسٹ (20 جنوری 2025): فیفا کے صدر نے ایک ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا: "ایک ساتھ مل کر ہم نہ صرف امریکہ کو، بلکہ پوری دنیا کو، دوبارہ عظیم بنائیں گے"، FairSquare نے اسے "ٹرمپ کے انتخابی نعرے کی واضح حمایت" قرار دیا ہے۔
3۔ (نومبر 2025، میامی) American Business Forum میں انٹرویو: انفنٹینو نے ٹرمپ کو "حقیقی قریبی دوست" قرار دیا اور ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا: "ہم سب کو ان اقدامات کی حمایت کرنی چاہئے جو وہ امریکہ میں کر رہے ہیں، کیونکہ یہ اچھا لگتا ہے۔" یہ انٹرویو، جو امریکی تاجروں کی موجودگی میں انجام پایا، ٹرمپ کو "آمریت واستبدادیت" کے الزامات سے بری کر رہا تھا۔
4۔ بغیر کسی عمل (Process) کے ' فیفا پیس پرائز' گھڑ لینا (دسمبر 2025): قانون یہ ہے کہ "فیفا کے آئین کے مطابق، ایسے انعامات فیفا کونسل کی منظوری سے دینا چاہئیں"؛ اس قانون کی رو سے، FairSquare زور دیتا ہے کہ انفینٹینو نے یہ کام قانونی اختیارات کے بغیر سرانجام دیا اور اسے "طاقت اور اختیارات کا واضح غلط استعمال" قرار دیا ہے۔
ای ایس پی این (ESPN) کے سینئر تجزیہ کار الیگزنڈر جارجسن کا کہنا ہے کہ فیفا کے صدر کی کارروائیاں ورلڈ کپ کے میزبان کو خوش رکھنے کے لئے دانشمندانہ اقدامات ہیں اور یہ انعام ایک دانشمندانہ سفارتی اقدام ہے۔
لیکن کھیلوں کے میدان میں انسانی حقوق کے ماہر نکولس میک گیہان (Nicholas McGeehan) کا کہنا ہے کہ انفینٹینو کی کارروائیاں "طاقت کے واضح غلط استعمال" کے زمرے میں آتی ہیں اور کسی شفاف عمل کے بغیر پیس پرائز کا قیام فیفا کے اخلاقی ضابطے کے آرٹیکل 15 (سیاسی غیر جانبداری) کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔
پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق، فیفا کی اخلاقی کمیٹی کو 30 دنوں کے اندر FairSquare کی شکایت کی جانچ پڑتال کرنا ہوگی، پیس پرائز کے عمل کو شفاف بنانا چاہئے (معیارات اور ریفریوں کے اعلان کی طرح) اور اگر خلاف ورزی ثابت ہو جائے تو انفینٹینو پر جرمانہ عائد ہوگا یا انہیں عارضی طور پر معطل کیا جائے گا۔ ہیومن رائٹس واچ کی ویب سائٹ بھی تجویز دیتی ہے کہ فیفا کو اپنا وقار برقرار رکھنے کے لئے انعام "واپس لینا" چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رپورٹ: داؤد ايگدری
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ