اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی،تازہ حملوں سے غزہ میں شہداء کی تعداد 59 تک پہنچ گئی
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،غزہ کی طبی ذرائع کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد منگل اور بدھ کی درمیانی شب نوارِ غزہ کے مختلف علاقوں پر دوبارہ کیے گئے فضائی حملوں میں شہداء کی تعداد 59 تک جا پہنچی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق، غزہ شہر کے اسپتالوں نے اطلاع دی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں جو اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں اپنے گھروں کے ملبے تلے آ گئے۔
بیمارستان العوده کے ایک ذریعے نے بتایا کہ النصیرات کیمپ میں ایک رہائشی مکان پر حملے کے دوران 8 افراد شہید ہوئے، جن میں 4 بچے شامل ہیں۔ اسی طرح اسپتال الشفاء کے ذرائع کے مطابق، تل الہوی کے علاقے میں ایک اور مکان پر بمباری میں ایک ماں اور اس کی نوزائیدہ بچی جان کی بازی ہار گئیں۔
اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی افواج نے منگل کی شب غزہ کے شمالی اور جنوبی حصوں پر شدید بمباری کی، جو چند گھنٹے بعد اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک فوجی کی ہلاکت کے بعد "فوری اور طاقتور حملوں" کا حکم دیا۔
اسرائیلی وزیرِ جنگ یسرائیل کاتس نے کہا کہ حماس کو اپنے اقدامات کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ان کے بقول، آج حماس کی جانب سے ہمارے فوجیوں پر حملہ ایک سنگین خلاف ورزی ہے، اور اسرائیلی فوج پوری طاقت کے ساتھ اس کا جواب دے گی۔
آپ کا تبصرہ