31 اگست 2025 - 00:19
یمن نے اسرائیل کو خبردار کر دیا: بدلہ یقینی ہے

صہیونی ریاست نے ملک کے داخلی محاذ کو غیر مستحکم کرنے کے لئے صنعا پر اپنے حالیہ حملے میں یمنی وزیر اعظم کو قتل کر دیا لیکن یمنی حکام اور کمانڈروں نے کہا کہ: انتقام یقینی ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط نے صنعاء پر صہیونی ریاست کے حملوں کے دوران ملک کے وزیر اعظم اور وزراء کے ایک گروپ کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے ہفتے کے روز خبردار کیا کہ یمن کا انتقام یقینی ہے۔

انھوں نے یمنی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "سرکاری ادارے خدمات فراہم کرتے رہیں گے، اور ان عظیم شہداء کا خون ہمیں ثابت قدم رہنے کا مزید حوصلہ دے گا۔"

یمن نے اسرائیل کو خبردار کر دیا: بدلہ یقینی ہے

سپریم پولیٹیکل کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط

انھوں نے کہا یمن کی مسلح افواج کا مشن جاری رہے گا ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

المشاط نے کہا: "ہماری قوم خطرناک مراحل اور مشکل حالات سے گذر چکی ہے، ہمارے قائد کی دانشمندانہ قیادت تمام مشکلات سے گذرنے کے لئے مشعل راہ ہے۔"

یمنی ایوان صدر نے تھوڑی دیر پہلے اعلان کیا جمعرات کو صہیونی حملوں میں یمن وزیر اعظم احمد غالب الراوی سمیت یمنی کابینہ کے کئی ارکان شہید ہو چکے ہیں۔

ایوان صدر نے اسرائیل نے وزیر اعظم اور متعدد یمنی وزراء کو ایک ورکشاپ میں نشانہ بنایا جہاں وہ ایک مشن پر تھے۔

یمنی ایوان صدر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد ملکی وزراء زخمی ہوئے ہیں اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

جمعرات کو صہیونی ریاست نے یمنی فوج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف سمیت اعلیٰ یمنی کمانڈروں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ دعویٰ اس وقت جھوٹا ثابت ہوا جب یمنی کمانڈر نے ایک پیغام شائع کیا۔

جمعے کے روز یمنی فوج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف محمد الغماری نے خبردار کیا تھا کہ صنعا کے شہری علاقوں پر اسرائیل کے حملے کا قطعی طور پر جواب دیا جائے گا۔

صہیونی سیاہ دنوں کے منتظر رہیں

یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ نے ملک کے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: تم ہماری مزاحمت کو توڑ نہیں سکو گے کیونکہ ہم خدا کے ساتھ ہیں اور اس کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ہم تمہارے حملوں یا دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، کیونکہ ہماری عزت خدا کے ہاتھ میں ہے اور خدا کا وعدہ ہماری یقینی فتح ہے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے۔

انھوں نے یمنی عوام کو یقین دلایا کہ ملک کی مسلح افواج مضبوط پوزیشن میں ہیں اور دشمن نے جو کچھ کیا وہ محض ایک حادثہ تھا اور کچھ نہیں۔

المشاط نے اہل غزہ سے یہ بھی کہا: ہمارا موقف وہی ہے جو پہلے تھا۔ اس لئے جب تک اسرائیلی حملے بند نہیں ہوتے اور غزہ کا محاصرہ نہیں ٹوٹ جاتا ہم آپ کے ساتھ رہیں گے۔

انھوں نے صیہونیوں کو بھی خبردار کیا: ہم اپنا بدلہ لیں گے۔ تاریک دن تمہارا انتظار کر رہے ہیں، تم نے گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ فرصت دی جاتی ہے کہ غاصب صہیونی آبادکار فلسطین چھوڑ کر اپنے ملکوں کو واپس جائیں۔

اس یمنی عہدیدار نے تاکید کی: میں صہیونی ریاست میں موجود تمام کمپنیوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے، مقبوضہ فلسطین سے بوریا بستر لپیٹ کر چلے جائیں۔ ہم یقینی طور پر اپنے مشن پر قائم رہیں گے اور ہم صہیونیوں سے کہتے ہیں کہ آج کے بعد تم امن و سلامتی کا مزہ نہیں چکھ سکو گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha